بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

وائٹ ہاؤس تقریب میں فائرنگ: صدر اور وزیراعظم کی مذمت

صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے وائٹ ہاؤس کوریسپونڈنٹس ایسوسی ایشن ڈنر میں پیش آنے والے فائرنگ کے واقعے کی شدید مذمت کی ہے۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق واشنگٹن میں منعقدہ اس تقریب کے دوران ایک مسلح شخص نے سکیورٹی حصار توڑنے کی کوشش کرتے ہوئے فائرنگ کی، جس کے بعد افراتفری پھیل گئی اور تقریب کو منسوخ کر دیا گیا، تاہم امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ، خاتونِ اول اور دیگر اہم شخصیات محفوظ رہیں۔

صدر آصف علی زرداری نے اپنے بیان میں اطمینان کا اظہار کیا کہ صدر ٹرمپ اور ان کی اہلیہ محفوظ رہے۔ انہوں نے اس واقعے کو دہشت گردی کی ایک گھناؤنی شکل قرار دیتے ہوئے اس کی سخت مذمت کی۔

ادھر وزیراعظم شہباز شریف نے بھی اس افسوسناک واقعے پر گہرے دکھ اور صدمے کا اظہار کیا۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (X) پر اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ انہیں یہ جان کر اطمینان ہوا کہ صدر ٹرمپ، خاتونِ اول اور دیگر شرکاء محفوظ ہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ ان کی دعائیں صدر ٹرمپ کے ساتھ ہیں اور انہوں نے ان کی سلامتی اور خیریت کے لیے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا۔

یہ بھی پڑھیے

Back to top button