
دہشتگرد تنظیمیں جدید ذرائع کا بڑھتا ہوا استعمال کر رہی ہیں، عاصم افتخار
اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب عاصم افتخار احمد نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی قربانیوں کو اجاگر کیا ہے۔
پاکستان کے مستقل مشن برائے اقوام متحدہ اور اقوام متحدہ کا انسداد دہشت گردی دفتر کے زیر اہتمام اقوام متحدہ کے ہیڈکوارٹر میں دہشت گردی کے نئے اور ابھرتے رجحانات پر ایک تقریب منعقد ہوئی۔
اپنے افتتاحی کلمات میں عاصم افتخار احمد نے علاقائی تناظر کا جائزہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گرد تنظیمیں حملوں کی منصوبہ بندی کے لیے جدید ذرائع کا بڑھتا ہوا استعمال کر رہی ہیں۔ انہوں نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی جانب سے دی جانے والی قربانیوں پر بھی روشنی ڈالی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے الیگزینڈر زویف نے کہا کہ دہشت گردی اب کثیر جہتی اور زیادہ پیچیدہ ہو چکی ہے، اور انہوں نے نئی اور ابھرتی ہوئی خطرات، خصوصاً مصنوعی ذہانت اور ڈیجیٹل ذرائع کے ذریعے درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لیے پیشگی اقدامات کی ضرورت پر زور دیا۔
مقررین نے عدم استحکام اور دہشت گردی کی بنیادی وجوہات کے خاتمے اور بروقت احتیاطی اقدامات کی اہمیت کو بھی اجاگر کیا۔















