اقوام متحدہ میں پاکستان نے جمہوریہ کانگو میں اقوام متحدہ کے امن مشن کے کردار کو مزید مؤثر بنانے اور فوری جنگ بندی کی ضرورت پر زور دیا ہے۔
اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان کے مستقل مندوب، سفیر عاصم افتخار احمد نے مشرقی جمہوریہ کانگو میں سیکیورٹی کی بگڑتی ہوئی صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا۔
انہوں نے خبردار کیا کہ اے ایف سی یا ایم 23 کی جانب سے جاری حملے اور علاقائی پیش قدمی امن کوششوں پر اعتماد کو کمزور کر رہی ہے اور مونوسکو (MONUSCO) کے مینڈیٹ پر عملدرآمد کو مزید پیچیدہ بنا رہی ہے۔
عاصم افتخار احمد نے زمینی حالات کو مستحکم بنانے کی فوری ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ موجودہ حالات میں مونوسکو ایک غیرجانبدار قوت کے طور پر امن کے قیام میں معاونت اور شہریوں کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔
