صدر کی زیر صدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس، معاشی اور توانائی کی صورتحال کا جائزہ

صدر مملکت آصف علی زرداری کی زیر صدارت آج اسلام آباد میں ایک اعلیٰ سطح کا مشاورتی اجلاس منعقد ہوا، جس میں ملک کی بدلتی ہوئی معاشی اور توانائی کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں تیل کی فراہمی میں رکاوٹوں، پیٹرولیم مصنوعات کی بڑھتی قیمتوں اور علاقائی سیکیورٹی صورتحال کے تناظر میں اہم امور پر غور کیا گیا۔

اجلاس میں وزیراعظم شہباز شریف اور چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے شرکت کی۔ اس کے علاوہ نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری، وفاقی وزیر داخلہ سید محسن رضا نقوی، وزیر خزانہ محمد اورنگزیب، وزیر توانائی و پیٹرولیم علی پرویز ملک، وزیر اقتصادی امور احد خان چیمہ اور سیکریٹری خزانہ بھی اجلاس میں موجود تھے۔

اجلاس کے دوران عالمی سطح پر تیل و گیس کی رسد اور قیمتوں میں اتار چڑھاؤ کے پاکستان کی معیشت پر اثرات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا، خصوصاً مہنگائی پر قابو پانے اور توانائی کے تحفظ کو یقینی بنانے پر زور دیا گیا۔

وزیر خزانہ اور وزیر پیٹرولیم نے اجلاس کے شرکاء کو پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کو مستحکم رکھنے، بڑھتی ایندھن لاگت کے مختلف شعبوں پر اثرات کم کرنے اور کفایت شعاری اقدامات کے ذریعے مالی دباؤ کم کرنے کے لیے جاری اقدامات پر بریفنگ دی۔

اجلاس میں خطے کی مجموعی صورتحال اور اس کے پاکستان کی سلامتی، معاشی منظرنامے اور غذائی تحفظ پر ممکنہ اثرات پر بھی غور کیا گیا۔ اس موقع پر اس بات پر زور دیا گیا کہ قومی سطح پر مربوط حکمت عملی اپنائی جائے اور پالیسی فیصلوں میں استحکام کے ساتھ عوامی مفاد کو ترجیح دی جائے۔

شرکاء نے ابھرتے ہوئے علاقائی چیلنجز کے پیش نظر قومی اتفاق رائے برقرار رکھنے اور ادارہ جاتی ہم آہنگی کو مزید مضبوط بنانے کی اہمیت پر بھی زور دیا۔

اجلاس میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ معاشی نظم و نسق، توانائی منصوبہ بندی، غذائی تحفظ اور سیکیورٹی معاملات میں باہمی ہم آہنگی ناگزیر ہے تاکہ موجودہ چیلنجز کا مؤثر انداز میں مقابلہ کیا جا سکے۔

مزید برآں، عوام میں شعور اجاگر کرنے کی ضرورت پر زور دیا گیا تاکہ ایندھن کے استعمال میں کمی لائی جا سکے، پبلک ٹرانسپورٹ کے استعمال کو فروغ دیا جائے اور مشترکہ سواری کے نظام کی حوصلہ افزائی کی جائے۔

Exit mobile version