وزیراعظم محمد شہباز شریف نے زراعت، صنعتی تعاون اور بنیادی ڈھانچے کے ترجیحی منصوبوں پر توجہ مرکوز کرتے ہوئے سی پیک کے دوسرے مرحلے کو آگے بڑھانے کے لئے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔آج (جمعرات) اسلام آباد میں چینی سفیر جیانگ زیڈونگ سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے پاکستان کے لئے چین کی مستحکم اقتصادی حمایت کو بھی سراہا۔
شہباز شریف نے علاقائی صورتحال پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے کشیدگی میں کمی اور علاقائی استحکام کو فروغ دینے میں پاکستان کے تعمیری کردار کو اجاگر کیا۔انہوں نے ہر سطح پر باہمی دلچسپی کے امور پر قریبی رابطہ جاری رکھنے پر زور دیا، اور پائیدار پاک چین سدابہار تزویراتی باہمی شراکت داری کا اعادہ کیا۔
وزیر اعظم نے ’’ٹو سیشنز‘‘ کے کامیاب انعقاد پر چینی قیادت کو مبارکباد دی اور صدر شی جن پنگ، وزیراعظم لی چیانگ اور وزیر خارجہ وانگ یی کا یوم پاکستان کی پرتپاک مبارکباد دینے پر شکریہ ادا کیا۔چینی سفیر نے پاکستان کی اقتصادی ترقی اور اصلاحات کی کوششوں کو سراہا، اور بالخصوص تجارت اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں چین کی مسلسل حمایت کا اعادہ کیا۔طرفین نے جاری ملاقاتوں پر اطمینان کا اظہار کیا اور سفارتی تعلقات کی 75 ویں سالگرہ کے موقع پر اعلیٰ سطح کے رابطوں کی خواہش کا اظہار کیا۔
