پاکستان کی مسلح افواج کی جانب سے افغان طالبان اور فتنہ الخوارج کے خلاف آپریشن ’’غضبُ للحق‘‘ کے تحت کارروائیاں جاری ہیں۔سکیورٹی ذرائع کے مطابق پاکستان فوج نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے شمالی وزیرستان میں پاک افغان سرحد پر دراندازی کی ایک بڑی کوشش ناکام بنا دی۔ مؤثر آپریشن کے دوران متعدد افغان طالبان مارے گئے جبکہ دیگر اپنی چوکیوں کو چھوڑ کر فرار ہو گئے۔ پاک فوج نے افغان طالبان اور فتنہ الخوارج کے ٹھکانوں اور کمپاؤنڈز کو بھی مکمل طور پر تباہ کر دیا۔
مزید کارروائیوں میں پاک فوج نے جنوبی وزیرستان کے سیکٹر میں پاک افغان سرحد کے ساتھ افغان طالبان کی چوکیوں کو نشانہ بنایا۔سکیورٹی ذرائع کے مطابق جنوبی وزیرستان کے شوال سے زرمَلان تک افغان طالبان کی تمام چوکیوں کو مؤثر طریقے سے تباہ کر دیا گیا۔پاکستان فوج کی بھرپور کارروائیوں کے نتیجے میں افغان طالبان پسپائی اختیار کرنے اور فرار ہونے پر مجبور ہو گئے ہیں۔
