وزیراعظم محمد شہباز شریف نے خطے کے ممالک پر زور دیا ہے کہ وہ اپنے اختلافات کو بات چیت اور سفارتکاری کے ذریعے حل کریں۔وزیراعظم محمد شہباز شریف نے آج شیخ صباح الخالد الحمد المبارک الصباح، ولی عہد کویت سے ٹیلیفون پر گفتگو کی۔گرمجوشی اور خوشگوار ماحول میں ہونے والی اس گفتگو کے دوران دونوں رہنماؤں نے عیدالفطر کے پُرمسرت موقع پر ایک دوسرے کو مبارکباد دی اور پاکستان، کویت سمیت پوری امت مسلمہ کے لیے امن، خوشحالی اور فلاح و بہبود کی نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
وزیراعظم نے اس موقع پر امیرِ کویت شیخ مشعل الاحمد الجابر الصباح کے لیے بھی اپنے نیک تمناؤں اور احترام کا پیغام پہنچایا۔محمد شہباز شریف نے کویت پر ہونے والے حملوں کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لیے دعا کی۔انہوں نے برادر ملک کویت اور اس کے عوام کے ساتھ پاکستان کی مکمل یکجہتی اور حمایت کا اعادہ کیا۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ خطے کے تمام ممالک کو امن اور استحکام کے قیام کے لیے مل کر کام کرنا چاہیے اور تمام تنازعات کو بات چیت اور سفارتکاری کے ذریعے حل کرنا چاہیے۔پاکستان اور کویت کے درمیان مضبوط اور تاریخی برادرانہ تعلقات کا اعادہ کرتے ہوئے وزیراعظم نے ولی عہد کویت کو اپنی سہولت کے مطابق پاکستان کا سرکاری دورہ کرنے کی دعوت بھی دی۔دونوں رہنماؤں نے ایک دوسرے سے رابطے میں رہنے پر اتفاق کیا۔
