صدر مملکت آصف علی زرداری سے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور ایم کیو ایم پاکستان کے چیئرمین ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کراچی میں ملاقات کی، جس میں ملک کی مجموعی داخلی سلامتی اور امن و امان کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران خطے میں تیزی سے بدلتی ہوئی صورتحال اور اس کے پاکستان پر ممکنہ اثرات کا بھی جائزہ لیا گیا۔ شرکاء نے ملک میں امن، استحکام اور قانون کی بالادستی کے فروغ کے لیے مشترکہ کوششوں کی ضرورت پر زور دیا۔
اجلاس میں قومی یکجہتی، سیاسی اتفاق رائے اور جمہوری عمل کے تسلسل کی اہمیت کو بھی اجاگر کیا گیا۔
اس موقع پر صدر آصف علی زرداری نے داخلی سلامتی کو مزید مضبوط بنانے اور شہریوں کے تحفظ کو یقینی بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔
