وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک کی سویڈن کی سفیر سے ملاقات، توانائی کے شعبوں میں شرکت داری پر گفتگو

وزیرِ پیٹرولیم علی پرویز ملک نے پاکستان میں سویڈن کے سفیر الیکزینڈرا برگ وان لنڈے سے اسلام آباد میں ملاقات کی۔ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے دو طرفہ تعاون پر تبادلۂ خیال کیا اور خاص طور پر معدنیات اور توانائی کے شعبوں میں شراکت داری کے نئے مواقع پر گفتگو کی۔

سویڈن کے سفیر نے بتایا کہ اس وقت پاکستان میں قائم سویڈش کاروباری کونسل میں چالیس سے زائد کمپنیاں شامل ہیں، جو ملک میں سویڈن کی مضبوط تجارتی موجودگی کو ظاہر کرتی ہیں۔

وزیرِ پیٹرولیم علی پرویز ملک نے پاکستان میں سویڈن کی مسلسل سرمایہ کاری اور کاروباری سرگرمیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ حکومت بین الاقوامی شراکت داروں کے ساتھ مل کر ملک کے قدرتی وسائل کے شعبے کو ترقی دینے کے لیے پرعزم ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان معدنیات کے شعبے میں سرگرمیوں کو فروغ دے رہا ہے اور آئندہ منعقد ہونے والے پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم 2026 میں متعلقہ شعبوں میں سرمایہ کاری کے مواقع بھی پیش کیے جائیں گے۔

ملاقات کے دوران دونوں جانب سے پاکستان اور سویڈن کے درمیان تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا اور سرمایہ کاری، ٹیکنالوجی کے تبادلے اور پائیدار ترقی کے فروغ کے لیے روابط جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا۔

Exit mobile version