خیبر پختونخواکے علاقے شمالی وزیرستان، لکی مروت اور ژوب میں سکیورٹی فورسز کی کارروائیوں میں23 خوارج جہنم واصل ہو گئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ(آئی ایس پی آر) کے مطابق سکیورٹی فورسز کو شمالی وزیرستان کے علاقے میر علی اور حسن خیل کے مقابل پاکستان-افغانستان سرحد پر خوارج کے ایک گروہ کی دراندازی کی کوشش کی اطلاع ملی۔
ترجمان پاک فوج کا کہنا تھا کہ اِس کوشش کو بروقت آپریشنز کرتے ہوئے ناکام بنا دیا گیا، مؤثر اور پیشہ ورانہ کارروائیوں کے نتیجے میں13 شرپسند مارے گئے۔
دوسری جانب ایک اور انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن ضلع لکی مروت اور بنوں میں کیا گیا جس میں13 خوارج کو ہلاک کر دیا گیا جب کہ ژوب کے علاقے سمبازہ میں 8 دہشت گرد ہلاک ہوئے، ہلاک شرپسندوں سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور بارودی مواد برآمد ہوا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے میں بھارتی سرپرستی میں کام کرنے والے مزید خوارج کے خاتمے کیلئے کلیئرنس آپریشن جاری ہے، جبکہ ’عزم استحکام‘ مہم کے تحت انسداد دہشتگردی پوری رفتار سے جاری رکھی جائے گی۔
