پاکستان،قطرکا برادرانہ تعلقات کومزید مضبوط بنانے کا اعادہ

وزیراعظم محمد شہباز شریف اور قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد الثانی نے خطے اور اس سے باہر امن، استحکام اور خوشحالی کے فروغ کے لیے مل کر کام جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔ٹیلی فونک گفتگو میں دونوں رہنماؤں نے رمضان المبارک کے بابرکت موقع پر ایک دوسرے کو تہہ دل سے مبارکباد پیش کی اور اُمت مسلمہ کے امن و سکون کے لیے دعا کی۔

وزیراعظم نے مشرق وسطیٰ اوردنیا کے دیگرحصوں میں امن ومفاہمت کے فروغ کیلئے شیخ تمیم بن حمد الثانی کی سرپرستی میں قطر کی سفارتی کوششوں کوسراہا۔دریں اثناء وزیراعظم نے ایکس پر ایک الگ پوسٹ میں کہا کہ میری قطر کے امیر اور اپنے عزیز بھائی شیخ تمیم بن حمد الثانی کے ساتھ ٹیلیفون پر انتہائی خوشگوار بات چیت ہوئی۔انہوں نے کہا کہ دونوں فریقوں نے پاکستان اور قطر کے درمیان گہرے، برادرانہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے اپنے مشترکہ عزم کا اعادہ کیا۔

Exit mobile version