خیبرپختونخوا کے لوگ اب بھی پتھر کے زمانے میں رہ رہے ہیں، وزیر اعلی ٰ پنجاب

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا کے لوگ اب بھی پتھر کے زمانے میں رہ رہے ہیں، انہیں ترقی کا پتہ ہی نہیں، خیبرپختونخوا کے بچوں کے ذہنوں میں تشدد سے محبت بھری جا رہی ہے، اقتدار آنے جانے والی چیز ہے، مٹھی سے ریت کی طرح پھلستا ہے۔گجرات یونیورسٹی میں تقریب کے دوران طلبہ سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا کہنا تھا کہ ایک ماں کے طور پر آپ سے ایک وعدہ کرنے آئی ہوں، پنجاب کے تمام وسائل اپنے بیٹوں، بیٹیوں پر نچھاور کرنے ہیں، آپ بچوں نے جو خواب دیکھنا ہے دیکھیں، میرے تمام وسائل آپ کے قدموں میں حاضر ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہونہار سکالر شپس، لیپ ٹاپس 100 فیصد میرٹ پر دیئے جا رہے ہیں، میں اللہ کے سامنے جوابدہ ہوں، کوئی نہیں کہہ سکتا فلاں کو ہونہار سکالر شپ سفارش پر ملا ہے، جو بچہ میرٹ پر ہے اس کے پاس اپنا لیپ ٹاپ، سکالر شپ ہے۔ان کا کہنا تھا کہ آپ کی کامیابی پر والدین سے زیادہ میں خوش ہوں، جین زی پنجاب کا مستقبل ہیں اور وہ صحیح راستے پر ہیں، پنجاب میں جین زی کو اس کا حق مل رہا ہے، آپ اس ملک کا مستقبل ہیں، آپ نے اس ملک کی باگ دوڑ سنبھالنی ہے بلکہ اس ملک کی بقا جین زی کے ہاتھوں میں ہے۔
مریم نواز نے کہا کہ 2026 نوجوانوں کا سال ہے، کوشش ہے آپ کی زندگی میں کوئی کمی نہ ہو، تمام سہولیات آپ کو دوں، مجھے بدلے میں ذاتی طور پر آپ سے کچھ نہیں چاہیے، چاہتی ہوں آپ وطن کی مٹی کو محسوس کریں، ہمارے اوپر ملک اوراس مٹی کا قرض ہے۔وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ اٹک کے اُس پار خیبرپختونخوا ہے، خیبرپختونخوا کے بچوں کے ہاتھ میں ہتھیار، زبان پر گالی ہے، خیبرپختونخوا کے بچوں کے ذہنوں میں تشدد سے محبت بھری جا رہی ہے، خیبرپختونخوا کے بچوں کو کہا جاتا ہے سڑکیں اور دکانیں بند کرو۔انہوں نے پنجاب کے بچوں کے بارے میں کہا کہ ان کے ہاتھوں میں ہونہار سکالر شپس، لیپ ٹاپس اور پرواز کارڈ ہیں جبکہ پنجاب کے لاکھوں بچے ٹیکنیکل ٹریننگ حاصل کر رہے ہیں، پنجاب کے بچے تعلیمی اداروں میں جانے کیلئے مفت گرین بسیں استعمال کرتے ہیں، ادھر ہونہار ہے اُدھر انتشار ہے۔ان کا کہنا تھا کہ میں پنجابی بعد میں اور پہلے پاکستانی ہوں، خیبرپختونخوا کے لوگ اب بھی پتھر کے زمانے میں رہ رہے ہیں، ان لوگوں کو پتہ ہی نہیں کہ ترقی کیا ہوتی ہے، دنیا سے مقابلہ کرنے کیلئے آپ کے ہاتھ میں لیپ ٹاپ، ہونہار سکالر شپ ہونا چاہیے۔مریم نواز نے مزید کہا کہ کے پی حکومت صرف شعور دے رہی ہے، خیبرپختونخوا کے راستے بند کرنے سے پنجاب کو کوئی فرق نہیں پڑتا، سندھ کے مریض علاج سے محروم نہیں ہوتے، چند لوگوں کو کہا گیا تم نے ڈنڈے سے روزگار بند کرانے ہیں۔

Exit mobile version