ضلع خوشاب کی علمی و ادبی شناخت کا اہم مرکز گورنمنٹ گریجویٹ کالج فار بوائز نورپورتھل گزشتہ دنوں اس وقت جوش و خروش سے بھر گیا جب ادارے میں تین روزہ اسپورٹس گالا کا انعقاد کیا گیا۔ یہ اسپورٹس گالا نہ صرف طلبہ کی جسمانی صلاحیتوں کو نکھارنے کا ذریعہ بنا بلکہ اس نے کالج کے ماحول میں ایک مثبت، صحت مند اور مسابقتی فضا بھی قائم کی۔
افتتاحی تقریب میں ممتاز ماہر تعلیم سینیئر ہیڈ ماسٹر گورنمنٹ ہائی سکول فار بوائز فاروق آباد نورپور تھل ملک امتیاز حسین بوڑانہ اورہیڈ ماسٹر گورنمنٹ ہائی سکول نورپور تھل ملک اللہ رکھا نے بطورمہمانان خصوصی شرکت کی جبکہ دوسرے دن کی تقریبات کے مہمانان خصوصی سینیئر ہیڈ ماسٹر گورنمنٹ ہائی سکول جمالی بلوچاں ملک محمد عظیم خان کلیرا اور ہیڈ ماسٹر گورنمنٹ ہائی سکول جاڑا ملک اللہ داد خان تھے اور تیسرے روز کی اختتامی تقریبات میں ممتاز ماہر تعلیم پروفیسر شیخ عبداللطیف ، انٹرنیشنل ادبی تنظیم شریف اکیڈمی جرمنی چیپٹر خوشاب کے میڈیا ڈائریکٹر راجہ نور الہی عاطف اور سینیئر صحافی ایم نودین نے بطور مہمانان خصوصی شرکت کی ۔ سپورٹس گالا کی تین روزہ تقریبات کے مہمانان خصوصی کا پرنسپل پروفیسر عبدالغفور ملک اور ادارہ کے جملہ ٹیچنگ سٹاف کی طرف سے طلبہ کے ہمراہ پرتپاک استقبال کیا گیا ۔ تقریبات کی نقابت کے فرائض پروفیسر ملک عبدالقیوم جاڑا نے بطریق احسن سر انجام دیے اور سپورٹس گالا کی انتظامیہ کمیٹی کے اراکین پروفیسر تنویر عباس اور پروفیسر ملک شوکت رضا اعوان سمیت ان کے دیگر معاونین کی طرف سے مختلف ایونٹس کے انعقاد کے لیے شاندار انتظامات کیے گئے تھے۔
سالانہ سپورٹس گالا کو شاندار کامیابی سے ہمکنار کرنے کے لیے وائس پرنسپل ادارہ ہذا ڈاکٹر ملک نواب دین کلیرا ، ڈاکٹر ملک حاجی نواب دین سگو ، پروفیسر ملک جعفر حسین بگھور، پروفیسر چوہدری طالب حسین ، پروفیسر ملک زین العابدین ، پروفیسر رانا محمد اسماعیل ، پروفیسر محمد وقار ملک ،پروفیسر ملک تحسین اطہر سگو، پروفیسر ملک محمد امیر خان کلیرا اور پروفیسر ملک گوہر ایوب جسرا نے مثالی کردار ادا کیا ۔ اپنے خطاب میں پرنسپل پروفیسر عبدالغفور ملک نے کہا کہ کھیلیں طلبہ کی شخصیت سازی میں بنیادی کردار ادا کرتی ہیں۔ صحت مند جسم میں ہی صحت مند ذہن پروان چڑھتا ہے، اور تعلیمی کامیابی کے ساتھ ساتھ کھیلوں میں حصہ لینا بھی بے حد ضروری ہے۔
تین روزہ تقریبات کے دوران کرکٹ، فٹبال، والی بال، بیڈمنٹن، رسہ کشی اور ایتھلیٹکس کے مختلف مقابلے منعقد ہوئے۔ طلبہ نے بھرپور جوش و جذبے کے ساتھ حصہ لیا اور اپنی صلاحیتوں کا شاندار مظاہرہ کیا۔ گراؤنڈ تالیوں اور نعروں سے گونجتا رہا جبکہ اساتذہ بھی طلبہ کی حوصلہ افزائی کرتے دکھائی دیے۔
خصوصی بات یہ رہی کہ کھیلوں کے ساتھ ساتھ نظم و ضبط اور اسپورٹس مین اسپرٹ کی بہترین مثال دیکھنے کو ملی۔ ہارنے والی ٹیموں نے بھی جیتنے والوں کو خندہ پیشانی سے مبارکباد دی، جو اساتذہ کرم کی بہترین تربیت کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ اساتذہ کرام نے مقابلوں کے منصفانہ انعقاد کو یقینی بنایا اور ہر مرحلے پر طلبہ کی رہنمائی کی۔
اس موقع پر مقررین نے کہا کہ ایسے پروگرام نوجوان نسل کو منفی سرگرمیوں سے دور رکھنے اور مثبت سوچ اپنانے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ آئندہ بھی اس نوعیت کی سرگرمیوں کا تسلسل برقرار رکھا جائے گا۔
بلاشبہ تین روزہ اسپورٹس گالا گورنمنٹ گریجویٹ کالج فار بوائز نورپورتھل کے لیے ایک یادگار تقریب ثابت ہوا، جس نے نہ صرف طلبہ کی جسمانی و ذہنی صلاحیتوں کو اجاگر کیا بلکہ ادارے کی اجتماعی ہم آہنگی اور نظم و ضبط کو بھی نمایاں کیا۔ ایسے تعمیری اور صحت مند پروگرام ہی کسی تعلیمی ادارے کی حقیقی پہچان ہوتے ہیں۔
