چینی سفارتخانے کے تعاون سے کیپیٹل پولیس کالج میں چینی زبان کا کورس مکمل

چینی سفارتخانے کے تعاون سے کیپیٹل پولیس کالج اسلام آباد میں منعقدہ دو ہفتوں پر مشتمل چینی زبان کا کورس اختتام پذیر ہو گیا۔ کورس کی اختتامی تقریب میں ڈی آئی جی لا اینڈ آرڈر و ٹریننگ ملک جمیل ظفر نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔

پولیس ترجمان کے مطابق اس کورس کا مقصد پولیس افسران کی ابلاغی صلاحیتوں کو بہتر بنانا اور پیشہ ورانہ رابطہ کاری کو مضبوط کرنا تھا، خاص طور پر وفاقی دارالحکومت میں چینی شہریوں اور اداروں کے ساتھ بڑھتے ہوئے روابط کے تناظر میں۔

تقریب کے دوران کورس کامیابی سے مکمل کرنے والے پولیس افسران میں اسناد تقسیم کی گئیں جبکہ انسٹرکٹرز کی خدمات کے اعتراف میں انہیں اعزازی شیلڈز بھی پیش کی گئیں۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ڈی آئی جی ملک جمیل ظفر نے چینی سفارتخانے کے تعاون کو سراہتے ہوئے اس اقدام کو اسلام آباد پولیس کی استعداد کار بڑھانے کی جانب اہم قدم قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ غیر ملکی زبانوں بالخصوص چینی زبان کا سیکھنا پولیس افسران کو اپنے فرائض مزید مؤثر اور پیشہ ورانہ انداز میں انجام دینے میں مدد فراہم کرے گا۔

ڈی آئی جی نے مزید کہا کہ اسلام آباد پولیس جدید تربیتی معیارات اپنانے اور بین الاقوامی بہترین روایات کے مطابق اپنے افسران کی صلاحیتوں میں اضافہ کرنے کے لیے پُرعزم ہے۔

کورس کے شرکاء نے اس موقع فراہم کرنے پر شکریہ ادا کرتے ہوئے اس تربیت کو اپنی پیشہ ورانہ ترقی کے لیے مفید قرار دیا۔

Exit mobile version