
آئی جی اسلام آباد کی پتنگ بازی،جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیاں تیز کرنے کی ہدایت
آئی جی اسلام آباد سید علی ناصر رضوی کی زیرِ صدارت رات گئے چھ گھنٹے طویل آپریشنل کمانڈرز کانفرنس منعقد ہوئی جس میں پولیس کی مجموعی کارکردگی، سکیورٹی اقدامات، ٹیکنالوجی کے استعمال اور عوامی سہولت کے لیے جاری منصوبوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
کانفرنس میں تمام ڈی آئی جیز، اے آئی جیز اور ایس ایس پیز نے شرکت کی اور آئی جی اسلام آباد کو اپنے اپنے ڈویژنز کی کارکردگی رپورٹس پیش کرتے ہوئے بریفنگ دی۔ آئی جی اسلام آباد نے ہدایت کی کہ شہریوں کی خدمت اور قانون کے مثر نفاذ کو اولین ترجیح بنایا جائے۔
سید علی ناصر رضوی نے شہر بھر میں پتنگ فروشی اور پتنگ بازی میں ملوث عناصر کے خلاف سخت اقدامات کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ شہریوں کی جانوں سے کھیلنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ انہوں نے تمام افسران کو جرائم پیشہ عناصر کے خلاف موثرکارروائیاں مزید تیز کرنے کا حکم دیا۔
آئی جی اسلام آباد نے وفاقی دارالحکومت میں نشہ اب نہیں تحریک کے دائرہ کار کو مزید وسیع کرنے، شہریوں کی سہولت کے لیے زیادہ سے زیادہ آن لائن سروسز فراہم کرنے اور آرٹیفیشل انٹیلیجنس و آئی ٹی کے شعبے میں مزید جدت لانے کی ہدایات جاری کیں۔
انہوں نے سیف سٹی اسلام آباد کے دائرہ کار کو نئی ٹیکنالوجی کے حصول کے ساتھ مزید توسیع دینے اور پولیس افسران کی استعداد کار بڑھانے کے لیے تربیتی نظام کو مزید بہتر بنانے پر زور دیا۔
آئی جی اسلام آباد نے کہا کہ اسلام آباد پولیس وفاقی دارالحکومت میں امن و امان، مجموعی سکیورٹی صورتحال اور شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کو ہر ممکن یقینی بنائے گی۔ انہوں نے تمام افسران کو اپنی ماتحت ٹیموں کے ساتھ بہتر ہم آہنگی یقینی بنانے، سخت محکمانہ احتساب کے ساتھ پولیس افسران و جوانوں کی ویلفیئر کا خاص خیال رکھنے اور روزانہ کی بنیاد پر بریفنگ دینے کی ہدایت بھی کی۔













