
تجارت
پاکستان اور آسٹریلیا کا معدنی شعبے میں تعاون بڑھانے پر اتفاق
پاکستان اور آسٹریلیا نے معدنیات اور قیمتی پتھروں کے شعبے میں دوطرفہ تعاون مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا ہے۔
یہ اتفاقِ رائے آج اسلام آباد میں وزیرِ پیٹرولیم علی پرویز ملک اور آسٹریلوی ہائی کمشنر ٹموتھی کین کے درمیان ملاقات میں ہوا۔
آسٹریلوی ہائی کمشنر نے بتایا کہ آسٹریلوی کمپنیاں پہلے ہی ریکوڈک منصوبے پر کام کر رہی ہیں جبکہ مزید کمپنیاں اس منصوبے میں شمولیت کی خواہشمند ہیں۔
انہوں نے کہا کہ آسٹریلوی ہائی کمیشن پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم میں آسٹریلوی کمپنیوں کی شرکت میں سہولت فراہم کر رہا ہے۔
ٹموتھی کین نے قیمتی پتھروں کے شعبے میں تکنیکی معاونت اور علم کے تبادلے کے مواقع کی بھی نشاندہی کی۔
وزیرِ پیٹرولیم علی پرویز ملک نے آسٹریلوی کمپنیوں کی دلچسپی کا خیرمقدم کرتے ہوئے دونوں ممالک کے درمیان معدنی شعبے میں بین الحکومتی معاہدے کی تجویز دی۔










