پاکستان اور گھانا نے دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا ہے۔یہ اتفاقِ رائے گھانا میں منعقد ہونے والے دونوں ممالک کے درمیان پہلے دوطرفہ سیاسی مشاورتی اجلاس کے دوران ہوا، جسے پاکستان اور گھانا کے تعلقات میں ایک اہم سنگِ میل قرار دیا جا رہا ہے۔پاکستانی وفد کی قیادت ایڈیشنل سیکریٹری خارجہ، سفیر حمید اصغر خان نے کی، جبکہ گھانا کی جانب سے وزارتِ خارجہ کی چیف ڈائریکٹر سفیر خدیجہ ادریسو نے وفد کی سربراہی کی۔
مشاورتی اجلاس کے دوران دو مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کیے گئے۔ پہلی مفاہمتی یادداشت دوطرفہ سیاسی مشاورت سے متعلق تھی، جبکہ دوسری مفاہمتی یادداشت اسلام آباد میں قائم فارن سروس اکیڈمی اور گھانا فارن سروس انسٹی ٹیوٹ کے درمیان طے پائی۔دونوں فریقین نے سیاسی، اقتصادی، دفاعی، سیاحت، ثقافت، صحت، تعلیم، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور دیگر باہمی مفاد کے شعبوں میں تعاون کو وسعت دینے پر اتفاق کیا۔
اس کے علاوہ آئندہ دوطرفہ سیاسی مشاورتی اجلاس اگلے سال اسلام آباد میں منعقد کرنے پر بھی اتفاق کیا گیا۔پاکستان اور گھانا کے درمیان کئی دہائیوں پر محیط دوستانہ اور تعمیری تعلقات موجود ہیں، جبکہ ادارہ جاتی مکالمے کے اس عمل سے دوطرفہ تعلقات کو مزید بامقصد اور منصوبہ جاتی تعاون کے ذریعے فروغ ملے گا۔
