وزیراعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ اب تک 5 ہزار 615 پاکستانی شہری گوادر اور چاغی کے سرحدی اضلاع کے ذریعے ملک میں داخل ہو چکے ہیں۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ X پر اپنے بیان میں انہوں نے بتایا کہ پاکستانی شہریوں کے ساتھ ساتھ 2 ہزار 117 ایرانی ڈرائیورز اور 431 دیگر غیر ملکی افراد نے بھی انہی راستوں سے پاکستان میں داخلہ لیا۔
وزیراعلیٰ نے گوادر اور چاغی کی ضلعی انتظامیہ کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ انہوں نے آنے والے مسافروں کو ضروری سہولیات فراہم کرنے اور ان کے محفوظ سفر کو یقینی بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔میر سرفراز بگٹی نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ حکومتِ بلوچستان سرحدی گزرگاہوں پر سہولت، سکیورٹی اور مؤثر انتظامات کو یقینی بنانے کے لیے مکمل طور پر متحرک اور الرٹ ہے۔
