بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

صدر مملکت اور وزیراعظم کی برفباری سے متاثرہ علاقوں میں فوری امدادی کارروائیوں کی ہدایت

ضلع لوئر چترال کے علاقے ارندو میں برفانی تودا گرنے سے ایک ہی خاندان کے 9 افراد جاں بحق جبکہ ایک بچہ زخمی ہو گیا۔

ریسکیو 1122 کے مطابق امدادی ٹیموں نے ملبے سے 9 افراد کی لاشیں نکال لیں، جن میں 5 مرد اور 4 خواتین شامل ہیں۔

صدرِ مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم محمد شہباز شریف نے چترال میں برفانی تودا گرنے کے واقعے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

اپنے علیحدہ علیحدہ تعزیتی پیغامات میں صدرِ مملکت اور وزیراعظم نے جاں بحق افراد کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے مرحومین کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کی۔

صدرِ مملکت نے اپنے پیغام میں وفاقی، صوبائی اور مقامی حکام کو متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیاں تیز کرنے اور عوام سے مسلسل رابطے میں رہنے کی ہدایت کی۔

وزیراعظم نے اپنے پیغام میں متعلقہ وفاقی ریسکیو اور امدادی اداروں کو صوبائی حکومت کے تعاون سے امدادی کارروائیاں تیز کرنے کی ہدایت کی۔

وزیراعظم نے چیئرمین نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کو بھی ہدایت کی کہ وہ شدید برفباری کے بعد ملک کے پہاڑی علاقوں کی صورتحال پر کڑی نظر رکھیں اور کسی بھی ممکنہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے متعلقہ اداروں کے ساتھ قریبی رابطہ برقرار رکھیں۔

اشتہار
Back to top button