بسم اللہ الرحمن الرحیم

کھیل

سہ فریقی انڈر 19 سیریز، بارش کے باعث پاکستان اور زمبابوے انڈر 19 کا میچ ختم، دونوں ٹیموں کو ایک ایک پوائنٹ مل گیا

جاری سہ فریقی کرکٹ سیریز میں پاکستان اور زمبابوے انڈر 19 ٹیموں کے درمیان کھیلا جانے والا میچ بارش کے باعث مکمل نہ ہو سکا، جس کے نتیجے میں دونوں ٹیموں کو ایک، ایک پوائنٹ دے دیا گیا۔

ہرارے میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان انڈر 19 نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور پوری ٹیم 208 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔ پاکستان کی جانب سے سمیر منہاس 48 رنز کے ساتھ نمایاں رہے، جبکہ عثمان خان نے 41 رنز کی ذمہ دارانہ اننگز کھیلی۔ احمد حسین نے 37 رنز بنا کر اسکور میں اہم اضافہ کیا۔

زمبابوے کی جانب سے پناشے مزائی نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 4 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ لیروئے چیوالا اور شیلٹن مازویٹوريرا نے دو، دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

یہ پاکستان انڈر 19 ٹیم کا ٹورنامنٹ میں دوسرا میچ تھا جو بارش کی نذر ہوا۔ اس سے قبل 29 دسمبر کو بھی زمبابوے کے خلاف میچ بارش کے باعث منسوخ ہو گیا تھا۔

گروپ مرحلے کے اختتام پر پاکستان انڈر 19 ٹیم پوائنٹس ٹیبل پر سرفہرست رہی۔ پاکستان نے افغانستان انڈر 19 کے خلاف دونوں میچز میں کامیابی حاصل کی۔ زمبابوے انڈر 19 ٹیم پانچ پوائنٹس کے ساتھ دوسرے جبکہ افغانستان انڈر 19 ایک پوائنٹ کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہی۔ٹورنامنٹ کا فائنل پاکستان اور زمبابوے کی انڈر 19 ٹیموں کے درمیان 6 جنوری کو کھیلا جائے گا۔

اشتہار
Back to top button