راولپنڈی میں 18ویں کوریائی سفیر نیشنل جونیئر اور کیڈٹ کیوروگی اور پومسے تائیکوانڈو چیمپئن شپ اختتام پذیر ہو گئی۔
اس باوقار قومی ایونٹ کی مشترکہ میزبانی پاکستان تائیکوانڈو فیڈریشن اور جمہوریہ کوریا کے سفارت خانے نے کی۔
ملک بھر سے پانچ سو تیس تائیکوانڈو کھلاڑیوں نے مختلف کیٹیگریز میں مقابلوں میں حصہ لیا۔
ایونٹ میں پاکستان آرمی، پاکستان ایئر فورس، پاکستان ریلوے، پاکستان پولیس، ہائر ایجوکیشن کمیشن، اسلام آباد کیپیٹل ٹیریٹری، پنجاب، سندھ، خیبر پختونخوا، بلوچستان، گلگت بلتستان اور آزاد جموں و کشمیر کی ٹیموں نے شرکت کی۔
جمہوریہ کوریا کے ناظم الامور پارک جیلارک اور پاکستان تائیکوانڈو فیڈریشن (ویمن ونگ) کی صدر محترمہ صبا شمیم نے اختتامی تقریب میں شرکت کی۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے جمہوریہ کوریا کے ناظم الامور نے کہا کہ تائیکوانڈو کوریا کا قومی کھیل ہے اور یہ ایک ایسا نظم و ضبط سکھاتا ہے جو خود پر قابو، احترام، نظم و ضبط اور دوسروں کے لیے خیال کا درس دیتا ہے۔
انہوں نے پاکستان تائیکوانڈو فیڈریشن، اساتذہ اور عہدیداروں کی پاکستان میں تائیکوانڈو کے فروغ کے لیے خدمات کو سراہا۔
راولپنڈی میں تائیکوانڈو چیمپئن شپ اختتام پذیر
