صدف شمس کے 97 رنز اور فاطمہ ثناء کی شاندار آل راؤنڈ کارکردگی کی بدولت پاکستان نے اتوار کی رات ڈربن کے کنگس میڈ کرکٹ گراؤنڈ میں تیسرے اور آخری ون ڈے میں 306 رنز کا کامیابی سے دفاع کرتے ہوئے جنوبی افریقہ خواتین کو 119 رنز سے شکست دے دی۔
پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے پاکستان نے اوپنر گل فیروزہ (13، 10 گیندیں، 1×4) کو جلد گنوا دیا۔ اس کے بعد صدف شمس اور سدرہ امین (41، 64 گیندیں، 4×4) نے دوسری وکٹ کے لیے 130 رنز کی شراکت قائم کی، جس سے اسکور 24.5 اوورز کے بعد 161 تک پہنچ گیا۔ صدف 25ویں اوور کی آخری گیند پر 71 گیندوں پر 97 رنز بنا کر آؤٹ ہوئیں، ان کی اننگز میں 16 چوکے اور ایک چھکا شامل تھا، وہ اپنی پہلی ون ڈے سنچری سے صرف تین رنز کی دوری پر رہ گئیں۔
سدرہ امین بھی سات گیندوں بعد آؤٹ ہوئیں اور اسکور 164-3 ہوگیا۔ اس کے بعد پاکستان نے یکے بعد دیگرے مزید دو وکٹیں گنوائیں اور 39 اوورز کے اختتام پر اسکور 216-5 تھا۔
کپتان فاطمہ ثناء اور ناجیہ علوی (36، 46 گیندیں، 1×4) نے چھٹی وکٹ کے لیے 65 رنز کی اہم شراکت قائم کی، اس سے قبل کہ ناجیہ 48ویں اوور میں آؤٹ ہوگئیں۔
فاطمہ ثناء کی آخری اوورز میں جارحانہ بیٹنگ نے پاکستان کو 50 اوورز میں 306-8 تک پہنچا دیا۔ انہوں نے اپنی پانچویں ون ڈے نصف سنچری اسکور کی اور 41 گیندوں پر تین چوکوں اور پانچ چھکوں کی مدد سے ناقابلِ شکست 60 رنز بنائے۔
جنوبی افریقہ کی جانب سے سن لوس نے 9 اوورز میں 42 رنز دے کر تین وکٹیں حاصل کیں جبکہ نونکولیکو ملابا نے 10 اوورز میں 56 رنز کے عوض دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
ہدف کے تعاقب میں ڈیبیو کرنے والی تسمیہ رباب (3-0-19-1) نے اپنے پہلے ہی اوور میں تزمین برٹس کو چار رنز پر آؤٹ کر کے پاکستان کو ابتدائی کامیابی دلائی۔
کپتان فاطمہ ثناء نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی ہم منصب لورا وولوارڈٹ (1) اور سن لوس کو تین گیندوں کے اندر آؤٹ کر کے میزبان ٹیم کو دو اوورز کے بعد 7-3 تک محدود کر دیا۔
نمبر تین بلے باز فائے ٹنیکلف (47، 51 گیندیں، 7×4) اور ٹاپ اسکورر اینری ڈیرکسن (54، 67 گیندیں، 3×4، 2×6) نے چوتھی وکٹ کے لیے 85 رنز کی شراکت قائم کی، تاہم فائے ٹنیکلف کو نشرہ سندھو نے کیچ اینڈ بولڈ آؤٹ کیا۔
سینالو جفتہ (33، 34 گیندیں، 3×4، 1×6) نے ڈیرکسن کے ساتھ 50 رنز کا اضافہ کیا، لیکن سعدیہ اقبال نے انہیں آؤٹ کر دیا۔
ام ہانی (7-1-35-2) نے چھ گیندوں بعد ڈیرکسن کو پویلین واپس بھیج دیا اور 27 اوورز کے بعد میزبان ٹیم کا اسکور 147-6 ہوگیا۔
سعدیہ اقبال نے 30ویں اوور میں نادین ڈی کلرک کو آؤٹ کیا جبکہ ام ہانی نے 33ویں اوور میں چلو ٹریون (12) کو آؤٹ کر کے اپنی دوسری وکٹ حاصل کی۔
آخر میں سعدیہ اقبال اور نشرہ سندھو نے آخری دو وکٹیں حاصل کر کے پاکستان کو 119 رنز کی شاندار فتح دلائی۔
سعدیہ اقبال نے 10 اوورز میں 41 رنز دے کر تین وکٹیں حاصل کیں جبکہ فاطمہ ثناء نے پانچ اوورز میں 29 رنز کے عوض دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
