اینٹی نارکوٹکس فورس نے کراچی بندرگاہ پر منشیات اسمگلنگ کی کوشش ناکام بنا دی

اینٹی نارکوٹکس فورس نے کراچی بندرگاہ پر کامیاب تاریخی کارروائی کرتے ہوئے منشیات اسمگلنگ کی ایک بڑی کوشش ناکام بنا دی ہے۔

اے این ایف کے مطابق کارروائی کے دوران درآمد شدہ ایک کنٹینر سے 47 کلوگرام کوکین برآمد کر لی گئی، جو انسدادِ منشیات کے حوالے سے اینٹی نارکوٹکس فورس کی اب تک کی سب سے بڑی کوکین برآمدگی قرار دی جا رہی ہے۔ ضبط کی گئی منشیات کی عالمی مارکیٹ میں مالیت لاکھوں ڈالرز بتائی جا رہی ہے۔

اے این ایف حکام کے مطابق انٹیلی جنس پروفائلنگ اور رسک اسیسمنٹ کی بنیاد پر اسکریپ سے لدے سات درآمدی کنٹینرز کو مشکوک قرار دیا گیا، جنہیں گوجرانوالہ روانہ کیے جانے سے قبل انتہائی باریک بینی سے مکمل طور پر چیک کیا گیا۔

جامع تلاشی کے دوران ایک کنٹینر کے اندر انتہائی مہارت سے چھپائی گئی کوکین برآمد ہوئی، جو اے این ایف کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور جدید تفتیشی طریقہ کار کا واضح ثبوت ہے۔

اے این ایف کے مطابق فورس سمندری بندرگاہوں، ڈرائی پورٹس، شاہراہوں، بین الصوبائی راستوں اور ہوائی اڈوں پر مثر انداز میں انسدادِ منشیات کی کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہے۔

اینٹی نارکوٹکس فورس نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ ملک سے منشیات کی لعنت کے مکمل خاتمے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔

Exit mobile version