
فخرِ پنجاب: فرقان احمد نے 35ویں نیشنل گیمز کراچی میں ویٹ لفٹنگ میں پہلا طلائی تمغہ جیت لیا
16 سالہ نوجوان ویٹ لفٹر فرقان احمد نے 35ویں نیشنل گیمز کراچی میں شاندار مظاہرہ کرتے ہوئے پنجاب کے لیے ویٹ لفٹنگ میں اپنا پہلا طلائی تمغہ حاصل کیا۔ فرقان احمد گوجرانوالہ کے رہائشی ہیں اور انہیں قومی کوچ شجاع الدین ملک (کامن ویلتھ گیمز ریکارڈ ہولڈر اور تمغۂ امتیاز کے حامل) نے تربیت دی ہے۔
انہوں نے 88 کلوگرام کیٹیگری میں حصہ لیا اور اسنیچ میں 144 کلوگرام جبکہ کلین اینڈ جرک میں 171 کلوگرام وزن اٹھایا، جس کے نتیجے میں مجموعی وزن 315 کلوگرام کے ساتھ انہوں نے فوج، پولیس، واپڈا، ریلوے، ایچ ای سی اور دیگر صوبوں کے تجربہ کار حریفوں کو پیچھے چھوڑ کر اپنی فتح یقینی بنائی۔
یہ افسوسناک بات ہے کہ فرقان احمد کو اکتوبر 2025 میں بحرین میں ہونے والے 3ری یوتھ ایشین گیمز میں حصہ لینے کا موقع نہیں ملا، جہاں وہ پاکستان کے لیے دو تمغے جیت سکتے تھے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر فرقان احمد کو بین الاقوامی تربیت اور مواقع فراہم کیے جائیں، تو وہ 2026 کے یوتھ اولمپک گیمز میں پاکستان کے لیے تمغہ جیتنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ حکومت کی معاونت اور سپورٹ سے فرقان پاکستان کے لیے مستقبل میں مزید اعزازات حاصل کر سکتے ہیں۔













