بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

پاکستان عظیم ثقافتی ورثے کا امین ہے، رضوان سعید شیخ

امریکہ کے دارالحکومت واشنگٹن ڈی سی میں سالانہ ’’ونٹرنیشنل‘‘ تقریب کا انعقاد ہوا جس میں دنیا بھر سے لگ بھگ ستر ممالک کے سفارتخانوں نے شرکت کی۔ اس بین الاقوامی ثقافتی میلے میں پاکستانی ثقافت کے دلکش رنگوں کی بھرپور نمائش کی گئی، جو غیر ملکی شرکا کی خصوصی توجہ کا مرکز بنی۔

تقریب میں پاکستان کے سفیر رضوان سعید شیخ نے خصوصی شرکت کی۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ پاکستان عظیم ثقافتی ورثے کا امین ہے اور ہماری ثقافت اپنی دل انگیز خوبصورتی، حیرت انگیز تنوع اور تاریخی ورثے کی وجہ سے منفرد پہچان رکھتی ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستانی فن پارے، روایتی دستکاریاں اور ثقافتی شاہکار ہماری تاریخ اور معاشرتی اقدار کی بھرپور عکاسی کرتے ہیں۔

رضوان سعید شیخ نے مختلف ممالک کے سٹالز کا دورہ بھی کیا اور منتظمین سے غیر رسمی گفتگو کی۔ انہوں نے کامیاب ایونٹ کے انعقاد پر جین ڈو پلین اور ’’ونٹر نیشنل‘‘ کے دیگر منتظمین کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ’’ونٹرنیشنل‘‘ جیسے پروگرام عالمی ثقافتوں کو روشناس کرانے اور اقوامِ عالم کو قریب لانے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔

انہوں نے پاکستانی بوتھ کی تیاری اور کامیابی میں حصہ ڈالنے والی ورکنگ ٹیم کی بھی تعریف کی۔

دریں اثنا پاکستانی بوتھ پر روایتی آرٹ، جواہرات، ثقافتی مصنوعات اور روایتی کھانوں کی نمائش کی گئی جبکہ آنے والے مہمانوں کی پاکستانی چائے اور کھانوں سے تواضع کی گئی۔ امریکیوں سمیت مختلف ممالک کے شرکا ء نے پاکستانی ثقافت، آرٹ اور قیمتی پتھروں میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔

اشتہار
Back to top button