بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

پاکستان نے بھارتی وزیرِ خارجہ کے اشتعال انگیز اور بے بنیاد بیان کو یکسر مسترد

پاکستان نے بھارتی وزیرِ خارجہ کے حالیہ بیان میں کیے گئے انتہائی اشتعال انگیز، بے بنیاد اور غیر ذمہ دارانہ دعوؤں کو سختی سے مسترد اور مذمت کی ہے۔

ترجمان دفترِ خارجہ طاہر اندرابی نے میڈیا کے سوالات کے جواب میں کہا کہ پاکستان ایک ذمہ دار ریاست ہے اور اس کے تمام ادارے، خصوصاً مسلح افواج، قومی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے مکمل تحفظ کے لیے پرعزم ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مئی 2025 کے تنازع نے واضح کر دیا کہ پاکستان کی مسلح افواج نہ صرف پیشہ ورانہ صلاحیت رکھتی ہیں بلکہ مادرِ وطن اور عوام کے دفاع کے لیے ہر بھارتی جارحیت کا مؤثر، بھرپور اور ذمہ دارانہ جواب دینے کی صلاحیت بھی رکھتی ہیں۔

دفترِ خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ بھارتی قیادت کی جانب سے پاکستان کے ریاستی اداروں اور قیادت کو بدنام کرنے کی کوششیں ایک منظم پروپیگنڈا مہم کا حصہ ہیں، جس کا مقصد خطے میں بھارت کے عدم استحکام پیدا کرنے والے اقدامات اور پاکستان میں ریاستی سرپرستی میں جاری بھارتی دہشت گردی سے عالمی توجہ ہٹانا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارت کو چاہیے کہ وہ اپنی سرزمین پر پروان چڑھتی فاشسٹ اور جارحانہ ہندوتوا سوچ کی تحقیقات کرے، جس کے باعث ماورائے عدالت کارروائیاں، ہجوم کے ہاتھوں قتل، بلاجواز گرفتاریاں، اور عبادت گاہوں و املاک کی مسماری معمول بنتی جا رہی ہیں۔

ترجمان نے زور دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان بقائے باہمی، مذاکرات اور سفارت کاری پر یقین رکھتا ہے، تاہم قومی مفادات اور خودمختاری کے تحفظ کے لیے پوری قوم متحد اور مکمل طور پر تیار ہے۔

اشتہار
Back to top button