بسم اللہ الرحمن الرحیم

کھیل

سہ ملکی ٹی ٹوئنٹی کرکٹ سیریز، پاکستان اور سری لنکا کا مقابلہ آج ہوگا

جاری سہ ملکی ٹی ٹوئنٹی کرکٹ سیریز میں آج پاکستان اور سری لنکا کی ٹیمیں آمنے سامنے ہوں گی۔ پاکستان اپنی مہم کا آغاز کامیابی کے ساتھ کر چکا ہے اور پہلے میچ میں زمبابوے کو واضح مارجن سے شکست دے چکا ہے۔ اس کے برعکس سری لنکا کو اپنے پہلے میچ میں زمبابوے کے ہاتھوں اپ سیٹ کا سامنا کرنا پڑا، جس کی وجہ سے آج کا مقابلہ سری لنکا کے لیے نہایت اہمیت کا حامل ہے۔ پاکستان کے لیے بھی یہ میچ فائنل میں جگہ مضبوط بنانے کا بہترین موقع ہے۔

تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ یہ مقابلہ دونوں ٹیموں کے بیٹرز اور باؤلرز کی حالیہ کارکردگی کی وجہ سے خاص اہمیت رکھتا ہے۔ پاکستان کی ٹیم کو جہاں بیٹنگ میں اچھی فارم کا فائدہ حاصل ہے، وہیں سری لنکا کی جانب سے بھی چند کھلاڑی شاندار پرفارمنس کے ساتھ میدان میں اتریں گے۔

پاکستان کی جانب سے صاحبزادہ فرحان حالیہ میچز میں شاندار کارکردگی دکھا رہے ہیں۔ وہ گزشتہ 10 میچوں میں 275 رنز بنا چکے ہیں، جبکہ فخر زمان بھی 7 میچوں میں 202 رنز کے ساتھ اپنی اچھی فارم برقرار رکھے ہوئے ہیں۔ دوسری جانب سری لنکا کے پٹھم نیسانکا اس وقت بہترین بیٹنگ فارم میں ہیں اور 10 میچوں میں 357 رنز بنا چکے ہیں، جبکہ کوشل پریرا بھی 200 رنز کے ساتھ اپنے تجربے کا لوہا منوا رہے ہیں۔

باؤلنگ کے شعبے میں بھی دونوں ٹیموں کے پاس خطرناک ہتھیار موجود ہیں۔ پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی 9 میچوں میں 14 وکٹیں حاصل کر کے اپنی فاسٹ باؤلنگ کی دھاک بٹھا چکے ہیں، جبکہ فہیم اشرف بھی 10 وکٹوں کے ساتھ موثر ثابت ہو رہے ہیں۔ سری لنکا کی طرف سے دشمنتھا چمیرا اور وانندو ہسارنگا مضبوط امیدوار ہیں، جو مسلسل وکٹیں لینے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

دونوں ٹیموں کے درمیان گزشتہ پانچ میچوں کی تاریخ میں سری لنکا کو برتری حاصل رہی ہے۔ سری لنکا نے 2019 اور 2022 کے درمیان چار میچ جیتے، تاہم پاکستان نے ستمبر 2025 میں ہونے والا آخری میچ 5 وکٹوں سے اپنے نام کیا تھا، جس سے اسے آج کے مقابلے میں نفسیاتی برتری حاصل ہو سکتی ہے۔

آج کا میچ سیریز میں پلٹا بدلنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ سری لنکا کے لیے یہ مقابلہ بقا کا مسئلہ بن چکا ہے جبکہ پاکستان کے پاس فائنل کی جانب پیش قدمی کو یقینی بنانے کا سنہری موقع موجود ہے۔ شائقین کرکٹ دونوں ٹیموں کے درمیان ایک سنسنی خیز اور کانٹے دار مقابلے کی توقع کر رہے ہیں۔

اشتہار
Back to top button