بسم اللہ الرحمن الرحیم

کھیل

ایشیا کپ رائزنگ سٹارز، پاکستان کی مسلسل تیسری جیت، یو اے ای کو 9 وکٹوں سے ہرا دیا

پاکستان شاہینز ایشیا کپ رائزنگ سٹارز کے سیمی فائنل میں پہنچ گئی ۔ اس نے ٹورنامنٹ میں اپنے تیسرے میچ میں متحدہ عرب امارات کو 9 وکٹوں سے ہرادیا۔یہ اس ٹورنامنٹ میں اس کی مسلسل تیسری کامیابی ہے۔اس سے قبل اس نے عمان اور انڈیا اے کو شکست دی تھی۔

ویسٹ اینڈ پارک انٹرنیشنل کرکٹ سٹیڈیم میں منگل کو کھیلے گئے گروپ بی کے میچ میں متحدہ عرب امارات نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کی لیکن پاکستانی بولرز کی عمدہ کارکردگی نے اسے 18 اوورز میں صرف 59 رنز پر محدود رکھا۔پاکستان شاہینز نے 60 رنز کا ہدف صرف 5 اعشاریہ 2اوورز میں ایک وکٹ پر حاصل کرلیا۔

متحدہ عرب امارات کی اننگز میں سید حیدر 20 رنز کے ساتھ ٹاپ سکورر رہے۔پاکستان شاہینز کی طرف سے سفیان مقیم نے12 رنز دے کر3 وکٹیں حاصل کیں۔احمد دانیال اور معاذ صداقت نے بالترتیب 7 اور 19 رنز دے کر دو دو کھلاڑی آؤٹ کیے۔شاہدعزیز۔ محمد شہزاد اور عرفات منہاس نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

پاکستان شاہینز کی اننگز میں معاذ صداقت ایک بار شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے4 چوکوں اور3 چھکوں کی مدد سے 37رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے ۔انہوں نے عمان کےخلاف 96 اور انڈیا اے کے خلاف 79 رنز بنائے تھے اور دونوں مرتبہ ناٹ آؤٹ رہے تھے۔

محمد نعیم ایک چھکے کی مدد سے 6 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ غازی غوری3 چوکوں کی مدد سے 16 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔ٹورنامنٹ کے دونوں سیمی فائنلز 21 نومبر کو کھیلے جائیں گے۔

اشتہار
Back to top button