
حکومت نجی شعبے کی شمولیت کے لیے پرعزم ہے: محمد اورنگزیب
وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ پاکستان کی آبادیاتی برتری اور معدنیات، زراعت، آئی ٹی، مصنوعی ذہانت، ڈیجیٹل انفراسٹرکچر، فارماسیوٹیکل اور مینوفیکچرنگ کے شعبوں میں جاری اصلاحات ملک کو پائیدار نجی شعبہ نمائندہ ترقی کے لیے مضبوط بنیاد فراہم کرتی ہیں۔
وہ اسلام آباد میں پیٹر تھیل اور اورن ہاف مین کے قائم کردہ عالمی پلیٹ فارم ڈائیلاگ کے اعلیٰ سطحی وفد سے گفتگو کر رہے تھے۔
وزیر خزانہ نے گزشتہ اٹھارہ ماہ میں پاکستان کی مجموعی معاشی بہتری کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ فِچ، ایس اینڈ پی اور موڈی کے ذیلی اداروں کی جانب سے حالیہ اپ گریڈز، آئی ایم ایف کے توسیعی فنڈ کی دوسری کامیاب جائزہ رپورٹ اور کلائمیٹ ریزیلینس پروگرام اس پیش رفت کی عکاسی کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی جغرافیائی سیاسی ہم آہنگی بہتر ہوئی ہے جبکہ امریکہ، چین اور سعودی عرب کے ساتھ تعلقات مزید مضبوط ہوئے ہیں۔ اسی طرح سی پیک فیز 2.0 کا آغاز ہو چکا ہے جو کاروبار سے کاروبار تعاون، برآمدی صنعتوں کے خصوصی زونز اور مشترکہ منصوبوں پر مرکوز ہے۔
محمد اورنگزیب نے پنشن اصلاحات پر ہونے والی پیش رفت سے بھی آگاہ کیا، جس کے تحت نئے ملازمین کے لیے شراکتی پنشن اسکیم متعارف کرائی جا رہی ہے، جبکہ طویل مدتی مالی ذمہ داریوں سے نمٹنے کے لیے مزید اقدامات کیے جائیں گے۔
انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ حکومت مسابقتی بجلی ٹیرف، توانائی کے شعبے میں پائیداری اور نجی شعبے کی زیادہ سے زیادہ شمولیت کو یقینی بنانے کے لیے پرعزم ہے۔













