
قومی
عالمی امن کے لیے مذاہب اور تہذیبوں کے درمیان مکالمے کی ضرورت ہے: سردار محمد یوسف
وفاقی وزیر برائے مذہبی امور سردار محمد یوسف نے کہا ہے کہ عالمی امن کے قیام کے لیے مذاہب اور تہذیبوں کے درمیان مکالمہ ناگزیر ہے۔اسلام آباد میں مصر کے سفیر ڈاکٹر ایہاب عبدالحمید سے ملاقات کے دوران انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان اور مصر کو اس حوالے سے مشترکہ طور پر کام کرنا چاہیے۔دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی، تجارتی اور ثقافتی تعلقات کو مزید فروغ دینے پر بھی اتفاق کیا گیا۔مصر کے سفیر نے پاکستانی علما کو جامعۃ الازہر کی تعلیمات اور تجربات سے فائدہ اٹھانے کے لیے مصر بھیجنے کی تجویز پیش کی۔ انہوں نے اسلام آباد میں جامعۃ الازہر کی نگرانی میں ایک جدید تعلیمی ادارہ قائم کرنے کی پیشکش بھی کی۔











