
وزیراعظم شہباز شریف نے جدید ترین شالیمار ایکسپریس اور جدید طرز پر تعمیر کیے گئے کراچی کینٹ ریلوے اسٹیشن کا افتتاح کر دیا
وزیراعظم شہباز شریف نے جدید ترین شالیمار ایکسپریس اور جدید طرز پر تعمیر کیے گئے کراچی کینٹ ریلوے اسٹیشن کا افتتاح کر دیا۔ تقریب سے ۔خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے سندھ حکومت اور پاکستان ریلوے کے درمیان مثالی تعاون کو سراہا اور اس طرزِ تعاون کو بلوچستان اور خیبر پختونخوا کی صوبائی حکومتوں کے ساتھ بھی فروغ دینے پر زور دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ وفاق اور صوبوں کے درمیان اس مضبوط شراکت داری سے خطے میں ایک جدید اور موثر ٹرانسپورٹ نیٹ ورک قائم ہوگا۔
وزیراعظم نے کہا کہ وسطی ایشیا میں ریلوے کے فروغ کی بے پناہ گنجائش موجود ہے اور پاکستان ریلوے کا فعال کردار ملک کو خطے کا اہم مواصلاتی مرکز بنانے میں مدد دے گا۔ انہوں نے اسلام آباد۔تہران۔استنبول ٹرین کی بحالی کو پاکستان میں معاشی ترقی کے ایک نئے دور کا آغاز قرار دیا۔
تقریب میں وزیراعظم نے اس عزم کا بھی اظہار کیا کہ وفاقی اور سندھ حکومت کراچی سرکلر ریلوے منصوبے کی تکمیل کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رکھیں گی۔ انہوں نے کہا کہ تھر کول ریلوے منصوبے کے لیے درکار فنڈز کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی تاکہ تھر کے کوئلے کے ذخائر کو قومی ریلوے نیٹ ورک سے منسلک کیا جا سکے۔
وزیراعظم نے وزیرِ ریلوے کی جانب سے ملک بھر میں 54 ریلوے اسٹیشنوں کی بحالی کو سراہا اور امید ظاہر کی کہ جلد تمام ریلوے اسٹیشن جدید سہولیات سے آراستہ ہوں گے۔ اس موقع پر وزیرِ ریلوے نے جاری بڑے منصوبوں پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ کراچی سٹی ریلوے اسٹیشن پر بھی کام جاری ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ایف ڈبلیو او کے تعاون سے راولپنڈی میں ملک کا پہلا اسمارٹ اور محفوظ ریلوے اسٹیشن قائم کیا گیا ہے، جبکہ کراچی میں ایک اور جدید اسٹیشن 250 کیمرے نصب کر کے تیار کیا جا رہا ہے۔
تقریب میں وزیرِ ریلوے حنیف عباسی، وزیرِ اطلاعات عطااللہ تارڑ، وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ اور دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔











