
صدر،وزیراعظم کا باہمی احترام کو فروغ دینے کے عزم کا اعادہ
صدر آصف علی زرداری اور وزیراعظم محمد شہبازشریف نے تمام شہریوں اور اقوام کے درمیان افہام وتفہیم، باہمی احترام اور پرامن بقائے باہمی کو فروغ دینے کیلئے اپنے عزم کا اعادہ کیا ہے۔عالمی یوم برداشت کے موقع پر اپنے الگ الگ پیغامات میں انہوں نے برداشت، بردباری، فرقہ ورانہ ہم آہنگی اور بین المذاہب بھائی چارے کے رجحانات کے فروغ کیلئے ٹھوس اقدامات کرنے کا عزم ظاہر کیا۔
صدرمملکت نے اپنے پیغام میں کہا کہ اسلامی تعلیمات میں برداشت کے اصول کافی مضبوط ہیں جو ہمدردی، انصاف اور تمام انسانیت کے احترام پر زور دیتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ مذہب کے ماننے اور مذہبی اداروں کے چلانے کی آزادی پاکستان کے آئین میں دی گئی ہے۔وزیراعظم نے اپنے پیغام میں کہا کہ سماجی اور مذہبی رنجشوں کا خاتمہ اورتمام طبقات خاص طور پر اقلیتوں کو قومی دھارے میں شامل کرنا حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔











