بسم اللہ الرحمن الرحیم

سائنس و ٹیکنالوجی

ڈپٹی وزیراعظم نے پاکستان کی پہلی گوگل کروم بک اسمبلی لائن کا افتتاح کر دیا

ڈپٹی وزیراعظم اسحاق ڈار نے پاکستان کی پہلی گوگل کروم بک اسمبلی لائن کا افتتاح کیا۔اسلام آباد میں اس موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ پاکستان کے ڈیجیٹل سفر میں ایک اہم لمحہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ کروم بکس کی مقامی اسمبلی سے خصوصاً تعلیمی شعبے میں ڈیجیٹل آلات تک رسائی سستی اور شمولیتی ہو جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم کے علاوہ اس اقدام کی اقتصادی اہمیت بھی بہت زیادہ ہے اور یہ صنعتی سنگ میل ہے جو روزگار، سپلائی چین کی ترقی اور مستقبل میں ٹیکنالوجی کی برآمدات کے لیے بنیاد فراہم کرے گا۔
ڈپٹی وزیراعظم نے کہا کہ گوگل کے پاکستان میں دفتر کھولنے کا فیصلہ محض علامتی نہیں بلکہ قومی فخر کا لمحہ ہے اور ہمارے ملک کی ڈیجیٹل صلاحیت کے لیے ایک مضبوط توثیق ہے۔ یہ ایک اسٹریٹجک سنگ میل ہے جس کے دور رس اثرات ہیں، جن میں ڈیجیٹل معیشت، انوویشن کے ماحول اور عالمی سرمایہ کاروں کے اعتماد کو فروغ دینا شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ گوگل کی مقامی موجودگی پاکستان کے اسٹارٹ اپس اور کاروباری افراد کے قریب آئے گی، جس سے براہِ راست تعاون، استعداد کار میں اضافہ اور عالمی پلیٹ فارمز تک بہتر رسائی ممکن ہوگی۔
انہوں نے بتایا کہ اسٹریٹجک مفاہمت کی یادداشت کے تحت پاکستان اور گوگل مل کر ملک بھر میں ایک لاکھ ڈویلپرز کو مہارت کی تربیت فراہم کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہم مقامی سطح پر AI سے چلنے والے حل جیسے عوامی تحفظ کے لیے اینڈرائیڈ سروسز کو بھی فروغ دیں گے۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ حکومت عالمی ٹیکنالوجی رہنماؤں کے لیے ایسا ماحول بنانے کے عزم پر قائم ہے جہاں وہ سرمایہ کاری، تعاون اور پائیدار مقامی موجودگی قائم کر سکیں۔
انہوں نے کہا کہ ہماری پالیسی کا مقصد پاکستان کو ٹیکنالوجی کی ترقی کے لیے علاقائی مرکز بنانا ہے، جس کے لیے ریگولیٹری فریم ورک کو فروغ دینا اور سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی شامل ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ٹیکس ڈھانچے کو معقول سطح تک لانے اور اس میں اصلاحات کرنا بھی ہماری ایجنڈا میں شامل ہے۔
اس موقع پر وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی شازہ فاطمہ نے کروم بک اسمبلی لائن کے افتتاح کو ایک تبدیلی لانے والا قدم قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ ٹیکنالوجی، مینوفیکچرنگ اور تعلیم کو یکجا کرتا ہے۔ انہوں نے تیز رفتار ڈیجیٹل سفر جاری رکھنے کے عزم کا اظہار بھی کیا۔

اشتہار
Back to top button