
آغا خان یونیورسٹی اور اَن پلگڈ 2025 پاکستانی نوجوانوں کی ذہنی صحت کے لیے سرگرم
سیناپس پاکستان نیوروسائنس انسٹیٹیوٹ نے اَن پلگڈ 2025 کی واپسی کا اعلان کیا ہے جو پاکستان کا واحد نوجوانوں کی قیادت میں منعقد ہونے والا ذہنی صحت سے آگاہی کے لیے کنسرٹ ہے۔ یہ پروگرام ہفتہ، یکم نومبر 2025 کو آغا خان یونیورسٹی (اے کے یو) میں منعقد ہوگا۔
یہ تقریب سیناپس پاکستان نیوروسائنس انسٹیٹیوٹ کے زیرِ اہتمام اور آغا خان یونیورسٹی – برین اینڈ مائنڈ انسٹیٹیوٹ (اے کے یو-بی ایم آئی) کی میزبانی میں انسٹیٹیوٹ آف بزنس ایڈمنسٹریشن (آئی بی اے) اور انڈس ویلی اسکول آف آرٹ اینڈ آرکیٹیکچر (آئی وی ایس) کے اشتراک سے منعقد کی جا رہی ہے۔ اس ایونٹ کا مقصد نوجوان پاکستانیوں کو تخلیقی صلاحیت، مکالمے اور باہمی ربط کے ذریعے ذہنی صحت کے حوالے سے خاموشی توڑنے کی ترغیب دینا ہے۔ چونکہ پاکستان کی 64 فیصد آبادی 30 سال سے کم عمر ہےاور اندازہ ہے کہ تقریباً 3 کروڑ نوجوان ذہنی صحت کے مسائل سے خاموشی کے ساتھ جدوجہد کر رہے ہیں۔ اگرچہ 2001 میں نیشنل مینٹل ہیلتھ پالیسی اور آرڈیننس منظور ہو چکے ہیں تاہم ان پر عملدرآمد کے حوالے سے اب بھی خلا موجود ہیں۔ صحت کے بجٹ کا صرف 0.4 فیصد حصہ ذہنی صحت کے لیے مختص ہے اور پورے ملک میں بچوں اور نوعمروں کے صرف 10 سے کم ماہرِ نفسیات موجود ہیں، جس کے باعث آگاہی اور عملی اقدامات کی فوری ضرورت ہے۔
ڈاکٹر عائشہ میاں، بانی اور سی ای او سیناپس پاکستان نے کہا ” ہماری 60 فیصد سے زیادہ آبادی 30 سال سے کم عمر ہے اور ان میں سے ایک چوتھائی ذہنی دباؤ میں مبتلا ہے۔ اس سنگین ضرورت کو اب نظر انداز نہیں کیا جا سکتا اسی لیے یوتھ مینٹل ہیلتھ کے لیے’ اب چُپ نہیں‘۔ اَن پلگڈ یہ یاد دہانی ہے کہ صحت صرف بیماریوں کے علاج کا نام نہیں یہ بہت پہلے سے، فلاح و بہبود کے احساس سے شروع ہوتی ہے۔ یہ ایک ایسا پلیٹ فارم ہے جہاں نوجوان اکٹھے ہو کر خود مختار بن سکتے ہیں اور سب کے لیے بہتر ذہنی صحت کے حق میں عملی قدم اٹھانے کی تحریک چلا سکتے ہیں۔ “
ڈاکٹر ذوال مرالی، بانی ڈائریکٹر اے کے یو-بی ایم آئی نے مزید کہا ”یہ ایک تخلیقی مقام ہے جہاں آگاہی پیدا کرنے، کہانیاں بانٹنے اور ذہنی صحت کے بارے میں صاف گو گفتگو کو فروغ دینے کا موقع ملتا ہے۔ ہمارا مقصد اس رفتار کو برقرار رکھنا اور ان بات چیتوں کو نوجوانوں کی فلاح کے لیے بامعنی اقدامات میں بدلنا ہے۔ “
اپنے تیسرے سال میں داخل ہوتے ہوئے، اَن پلگڈ ایک مشترکہ اقدام کے طور پر ترقی کر رہا ہے جس میں اساتذہ، طلبہ اور سول سوسائٹی کے شراکت دار شامل ہیں۔ چونکہ پاکستان کے نوجوان بڑھتے ہوئے ذہنی صحت کے چیلنجز اور علاج تک محدود رسائی کا سامنا کر رہے ہیں اَن پلگڈ آگاہی اور عمل کے لیے ایک قومی پلیٹ فارم کا کردار ادا کر رہا ہے۔ اپنے 2023 کے مکمل طور پر فروخت شدہ آغاز کے بعد سےیہ کنسرٹ ایک تحریک کی شکل اختیار کر چکا ہے جو لائیو اور ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کے ذریعے ایک لاکھ سے زائد افراد تک پہنچ چکا ہےاور موسیقی، امید اور تعلق کے جشن کے طور پر جاری ہے۔













