
وزیرِ ریلوے محمد حنیف عباسی کی ترکی کے وزیرِ ٹرانسپورٹ و انفراسٹرکچر عبدالقادر اورالو سے ملاقات
پاکستان اور ترکی کے درمیان ریلوے، ٹرانسپورٹ اور انفراسٹرکچر کے شعبوں میں تعاون کے فروغ پر اتفاق
وزیرِ ریلوے محمد حنیف عباسی نے ترکی کے وزیرِ ٹرانسپورٹ و انفراسٹرکچر عبدالقادر اورالوسے اہم ملاقات کی۔ ملاقات میں دوطرفہ تعاون، علاقائی روابط، اور ریلوے کے شعبے میں مشترکہ منصوبوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا،پاکستان اور ترکی کے درمیان ریلوے، ٹرانسپورٹ اور انفراسٹرکچر کے شعبوں میں تعاون کے فروغ پر اتفاق کیاگیا۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں منعقدہ ریجنل ٹرانسپورٹ منسٹرز کانفرنس 2025 کے موقع پر وفاقی وزیرِ ریلوے محمد حنیف عباسی نے ترکی کے وزیرِ ٹرانسپورٹ و انفراسٹرکچر عبدالقادر اورالو (Abdulkadir Uralolu) سے اہم ملاقات کی۔ ملاقات میں دوطرفہ تعاون، علاقائی روابط، اور ریلوے کے شعبے میں مشترکہ منصوبوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔وفاقی وزیرِ ریلوے محمد حنیف عباسی نے اس موقع پر کہا کہ وزیراعظم پاکستان کے وژن کے تحت ریلوے کے شعبے میں جدیدیت، توسیع اور ڈیجیٹل اصلاحات پر بھرپور عملدرآمد جاری ہے تاکہ قومی ٹرانسپورٹ نظام کو جدید خطوط پر استوار کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ترکی کے درمیان دہائیوں پر محیط برادرانہ، دینی اور ثقافتی تعلقات وقت کے ہر امتحان پر پورے اترے ہیں، اور اب یہ تعلقات معاشی و تکنیکی تعاون کے نئے دور میں داخل ہو رہے ہیں۔
محمد حنیف عباسی نے بتایا کہ پاکستان ریلوے بنیادی ڈھانچے کی ڈیجیٹلائزیشن، فلیٹ اپ گریڈیشن، اور آپریشنل کارکردگی میں بہتری کے لیے جامع اقدامات کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان اصلاحات کا مقصد عوام کو بہتر سفری سہولیات فراہم کرنا، فریٹ ٹریفک بڑھانا اور ملکی معیشت کو مستحکم بنانا ہے۔ملاقات میں دونوں وزرا نے ریلوے انجینئرنگ، ٹیکنالوجی ٹرانسفر، اور افرادی قوت کی تربیت کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا۔
وزیرِ ریلوے نے کہا کہ ترکی کے ساتھ تکنیکی اشتراک پاکستان ریلوے کے ترقیاتی اہداف کے حصول میں مددگار ثابت ہوگا۔انہوں نے کہا کہ ترکی کے پاس ریلوے کے جدید نظام، لاجسٹک کاریڈورز اور ٹرانسپورٹ پلاننگ کا وسیع تجربہ ہے، جس سے پاکستان بھرپور استفادہ کرے گا۔
ملاقات کے دوران لاجسٹک کاریڈورز، بندرگاہی روابط، اور جدید ٹرانسپورٹ نیٹ ورک کے قیام پر بھی تفصیلی بات چیت ہوئی۔دونوں ممالک نے اتفاق کیا کہ ٹرانسپورٹ اور انفراسٹرکچر کے شعبوں میں تعاون کو مثر اور نتیجہ خیز بنانے کے لیے ایک مشترکہ ورکنگ گروپ تشکیل دیا جائے گا، جو مختلف منصوبوں کی پیش رفت، فزیبلٹی اسٹڈیز، اور سرمایہ کاری کے امکانات کا جائزہ لے گا۔ترکی کے وزیرِ ٹرانسپورٹ و انفراسٹرکچر عبدالقادر اورالو نے پاکستان کی تجاویز کا خیرمقدم کیا اور کہا کہ ترکی پاکستان کے ساتھ اپنے تعلقات کو معاشی شراکت داری اور علاقائی ترقی کے نئے میدانوں تک وسعت دینے کا خواہاں ہے۔
وفاقی وزیرِ ریلوے محمد حنیف عباسی نے ترکی کے وزیر اور ان کے وفد کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ترکی کے ساتھ اپنے تعلقات کو نئی بلندیوں تک لے جانے کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ترکی کا اشتراک علاقائی روابط، سرمایہ کاری، اور جدید ریلوے نظام کے قیام میں سنگِ میل ثابت ہوگا۔













