
جنگ بندی کے بعد اسرائیلی فوج کے حملوں میں97 فلسطینی شہید
اسرائیلی بمباری سے دیر البلاح میں مزید دو فلسطینی شہید ہو گئے
غزہ میں جنگ بندی کے باوجود اسرائیل باز نہ آیا۔ غزہ کی وزارت صحت کے مطابق اسرائیلی فوج نے 10 اکتوبر کو جنگ بندی نافذ ہونے کے بعد سے 97 فلسطینیوں کو قتل کرتے ہوئے جنگ بندی کی 80 خلاف ورزیاں کی ہیں، ادھر ہفتے کو بمباری سے دیر البلاح میں مزید دو فلسطینی شہید ہو گئے جبکہ اسرائیل نے جنوبی لبنان میں بھی حزب اللہ کے ایک کارکن کو نشانہ بنانے کا دعوی کیا ہے۔
غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق غزہ میں جنگ بندی کے باوجود اسرائیل کا ظلم جاری ہے، صرف چند امدادی ٹرکوں کو ہی غزہ میں داخلے کی اجازت مل سکی ہے۔ جس سے بنیادی ضروریات پوری ہونا ممکن نہیں۔اسرائیل کی رکاوٹوں کے باعث فلسطینیوں کو خوراک، پانی اور پناہ کے لیے شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ اس سے قبل جنوبی لبنان کے قصبے تول میں اسرائیل نے ڈرون حملہ کیا جس کے باعث 2 افراد شہید اور 2 زخمی ہو گئے۔
عرب میڈیا کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ بمباری میں اسرائیل نے کار کو ڈرون سے نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں شہادتیں ہوئیں۔مشرقی اور جنوبی لبنان میں گزشتہ روز بھی اسرائیلی فضائی حملوں میں 4 افراد جام شہادت نوش کرگئے تھے۔











