
بنو قابل ٹیسٹ کل اتوار سہ پہر پونے تین بجے ایف نائن پارک اسلام آباد میں ہوگا
500 خواتین ارکان و کارکنان بطور رضاکار خدمات انجام دیں گی،قدسیہ ناموس
الخدمت فائونڈیشن کے تحت بنو قابل ٹیسٹ کل اتوار سہ پہر پونے تین بجے ایف نائن پارک میں کنڈکٹ کروایا جائیگا، اسلام آباد کے تمام ارکان اور کارکنان بنو قابل کے انتظامی امور کے لیے بطور رضاکار خدمات انجام دیں گی تاکہ ٹیسٹ لینے کا عمل منظم طریقے سے مکمل کیاجا سکے۔ یہ بات ناظمہ حلقہ خواتین جماعت اسلامی اسلام آباد قدسیہ ناموس نے اپنے ارکان و کارکنان کو بنو قابل کی بریفنگ کے دوران کہی۔ انہوں نے حلقہ خواتین جماعت اسلامی کی رضا کاروں کو ہدایت کی کہ وہ 26اکتوبر بروز اتوار ایک بجے انتظامی امور کو دیکھنے کے لیے ایف نائن پارک پہنچ جائیں۔
قیم جماعت اسلامی اسلام آباد کی ہدایات کے مطابق، حلقہ خواتین نے بنو قابل ٹیسٹ کے انعقاد کے لیے 500 ارکان اور کارکنان کو رضاکار مقرر کیا ہے، جو مختلف انتظامی ذمہ داریاں سنبھالیں گے۔ نائب ناظمہ حلقہ اسلام آباد عطیہ طیب کی زیرِ نگرانی ایف نائن پارک کا دورہ کیا گیا، جہاں انتظامی تیاریاں اور مقامی انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا تاکہ ٹیسٹ کے روز کسی قسم کی پریشانی سے بچا جا سکے۔
ناظمہ حلقہ نے تمام زونل ناظمات کو والنٹیئرز کے اہداف تفویض کیے اور ہر زون کو مخصوص ذمہ داریاں سونپی گئیں۔











