بسم اللہ الرحمن الرحیم

تعلیم

یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کے ذریعے ایم ڈی کیٹ کا امتحان 26 اکتوبر کو ہوگا

ایم ڈی کیٹ کا انعقاد 12شہروں میں کل ہو گا، 50ہزار سے زائد امیدوار شریک ہونگے

سیکرٹری محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن عظمت محمود خان کی زیر صدارت اہم اجلاس منعقد ہواـ

اجلاس میں بتایاگیا کہ یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کے ذریعے ایم ڈی کیٹ کا امتحان 26 اکتوبر کو ہوگا اورایم ڈی کیٹ کے پرچے سخت حفاظتی انتظامات میں پنجاب کے مختلف شہروں کیلئے روانہ کر دیئے گئے ہیںـ

اجلاس میں کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو بہترین انتظامات یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ـیونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز (یو ایچ ایس) کے زیر اہتمام میڈیکل اور ڈینٹل کالجوں میں داخلے کیلئے ہونے والا ایم ڈی کیٹ امتحان 26 اکتوبر کو پنجاب کے 12 مختلف شہروں میں قائم 27 امتحانی مراکز میں لیا جائے گا۔

لاہور میں جامعہ پنجاب، وحدت روڈ لاہور، لاہور کالج فار ویمن یونیورسٹی، جیل روڈ، گورنمنٹ گریجویٹ کالج فار ویمن، گلبرگ، یونیورسٹی آف ایجوکیشن، ٹاؤن شپ، بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن، لارنس روڈ اور ڈویژنل پبلک اسکول، ٹاؤن شپ خواتین میں ایم ڈی کیٹ کے امتحان کا انعقاد کیا جائے گا ـ امتحان میں 50 ہزار سے زائد امیدوار حصہ لیں گے اوراس حوالے سے یونیورسٹی نے تمام تیاریاں مکمل کرلی ہیںـ

امتحانی پرچے و دیگر میٹریل 24 اکتوبر کو سخت حفاظتی انتظامات کے تحت مختلف شہروں کو روانہ کر دیا گیا ہےـ

امتحان کے دوران بہتر کوآرڈی نیشن کیلئے یو ایچ ایس میں کمانڈ اینڈ کنٹرول سنٹر قائم کیا گیا ہے ـپروفیسر احسن وحید راٹھور کو خود امتحانی عمل کی نگرانی کرنے کی ہدایت کی گئی ہے ـامتحانی مراکز سے مسلسل رابطے کیلئے خصوصی ہیلپ لائن بھی فعال کر دی گئی ہےـسیکرٹری صحت پنجاب عظمت محمود خان نے ضلعی انتظامیہ کو ایم ڈی کیٹ کے بہترین انتظامات خصوصاََ امیدواران کی حفاظت اور والدین کیلئے آرام دہ انتظار گاہوں کی موجودگی کو یقینی بنانے کی ہدایت کیـتمامامتحانی مراکز پر امیدواروں اور عملے کے موبائل فون لانے پر مکمل پابندی ہوگی۔

25  اکتوبر کو نگران عملے کی ٹریننگ منعقد کی گئی۔

امتحان کے دوران سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے جائیں گے امتحانی مراکز پر دفعہ 144 نافذ ہو گی تاکہ امتحانی مراکز میں غیر متعلقہ افراد کا داخلہ روکا جا سکےـپولیس کی بھاری نفری تعینات ہوگی اور امیدواروں کی امتحانی ہال میں داخلے سے قبل دو مرتبہ جامعہ تلاشی لی جائے گیـلاہور میں امتحانی مراکز کی صفائی کا انتظام لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے سپرد کیا گیا ہےـ

ہر امتحانی مرکز پر صبح 7 بجے سے ایمبولینس، ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل اسٹاف موجود ہوگاـ قریبی ٹیچنگ اور ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتالوں کو بھی ہائی الرٹ کر دیا گیا ہےـ سپیشل برانچ، سول ڈیفنس اور فائر بریگیڈ کا عملہ امتحان سے قبل تمام مراکز کو کلیئر کرے گا ـمشتبہ امیدواروں کی تصدیق کے لیے نادرا ای سہولت کے کاؤنٹرز بھی قائم کئے جائیں گےـ محکمہ صحت کے تمام اعلیٰ افسران بشمول سپیشل، ایڈیشنل اور ڈپٹی سیکرٹریز امتحان کی مانیٹرنگ کریں گےـمیڈیکل یونیورسٹیوں کے وائس چانسلرز، پرو وائس چانسلرز اور سینئر فیکلٹی کو ریجنل انچارج مقرر کیا گیا ہےـ میڈیکل و ڈینٹل کالجوں کے پرنسپلز امتحانی مراکز کی مانیٹرنگ کے انچارج ہوں گے۔

 ایم ڈی کیٹ کا انعقاد کل 26 اکتوبر کو 12شہروں میں ہو گا جہاں امتحانی مراکز بنا کر انتظامات مکمل کر لئے گے جن میں 50ہزار سے زائد امیدوار شریک ہونگے۔ اس امتحان کے لئے جامعہ سرگودھا میں بھی امتحانی سنٹر قائم کر دیا گیا۔ جس میں شرکت کرنے والے2091 امیدواروں میں 1573 طالبات اور 518 طلبہ ہونگے۔

اس حوالہ سے کمشنر جہانزیب اعوان نے کہا کہ امتحانی سنٹر پر سیکیورٹی، ٹریفک کے نظم و نسق، صفائی، بجلی، پانی اور طبی سہولیات کے بہترین انتظامات کیے جائیں گے اور والدین اور امیدواروں کی سہولت کے لیے ٹریفک پلان جاری کیا جائے گا اور داخلی و خارجی مقامات پر رہنمائی کے لیے عملہ تعینات رہے گا۔

اشتہار
Back to top button