
پاکستان اور افغانستان دہشت گردی کے خاتمے کے لیے مشترکہ کوششیں کریں گے: خواجہ آصف
وزیرِ دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ پاکستان اور افغانستان کے درمیان جنگ بندی معاہدے کا بنیادی مقصد دہشت گردی کے ناسور کا خاتمہ ہے۔
قطری نشریاتی ادارے "الجزیرہ عربی” کو دیے گئے ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ دہشت گردی گزشتہ کئی برسوں سے پاکستان اور افغانستان کے سرحدی علاقوں کو متاثر کر رہی ہے، جس کا فوری خاتمہ وقت کی اہم ضرورت بن چکا ہے۔
خواجہ آصف نے بتایا کہ دونوں ممالک اس نتیجے پر پہنچے ہیں کہ اگر دہشت گردی کو فوری طور پر ختم نہ کیا گیا تو خطے کا امن شدید خطرات سے دوچار ہو سکتا ہے۔ اس لیے دونوں ممالک نے سنجیدہ اور مؤثر اقدامات کرنے پر اتفاق کیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ آئندہ ہفتے استنبول میں ایک اور اہم اجلاس منعقد ہو گا، جس میں معاہدے کی تفصیلات کو حتمی شکل دی جائے گی۔
وزیر دفاع نے بتایا کہ افغان وزیرِ دفاع نے بھی تسلیم کیا ہے کہ دونوں ملکوں کے درمیان کشیدگی کی بنیادی وجہ دہشت گردی ہے، جسے اب مل کر حل کیا جائے گا۔
خواجہ آصف نے امید ظاہر کی کہ اس معاہدے کے نتیجے میں پاکستان اور افغانستان کے تعلقات معمول پر آ جائیں گے، اور خطے میں امن بحال ہو گا۔
انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تجارت اور ٹرانزٹ بحال ہوں گے، اور افغانستان ایک بار پھر پاکستانی بندرگاہوں سے فائدہ اٹھا سکے گا۔