
پاکستان اور آسٹریلیا کا بارڈر مینجمنٹ، کوسٹ گارڈز اور انسانی اسمگلنگ کی روک تھام میں تعاون بڑھانے پر اتفاق
پاکستان اور آسٹریلیا نے سرحدی نگرانی، کوسٹ گارڈز کے شعبے اور انسانی اسمگلنگ کی روک تھام کے لیے باہمی تعاون کو مزید وسعت دینے پر اتفاق کیا ہے۔
یہ اتفاق رائے آج اسلام آباد میں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور آسٹریلوی ہائی کمشنر نیل ہاکنز کے درمیان ہونے والی ملاقات میں ہوا۔
ملاقات کے دوران وزیر داخلہ نے کہا کہ پاکستان غیر قانونی امیگریشن کی حوصلہ شکنی اور قانونی امیگریشن کے فروغ پر یقین رکھتا ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ غیر قانونی طور پر بیرون ملک جانے والے افراد کو وطن واپسی پر سخت قانونی کارروائی کا سامنا کرنا ہوگا، جب کہ انسانی اسمگلنگ میں ملوث عناصر کے خلاف آہنی ہاتھوں سے نمٹا جا رہا ہے۔
آسٹریلوی ہائی کمشنر نے ملاقات میں حالیہ دہشت گرد حملوں میں پولیس افسر اور سیکیورٹی اہلکاروں کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔
نیل ہاکنز نے قذافی اسٹیڈیم کی بحالی کو سراہتے ہوئے کہا کہ محسن نقوی کی قیادت میں اسلام آباد میں فلاحی اور ترقیاتی منصوبوں میں نمایاں بہتری دیکھنے کو ملی ہے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ حالیہ عرصے میں پاکستان کا بین الاقوامی وقار اور احترام قابلِ ذکر حد تک بہتر ہوا ہے۔