بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

صدر اور وزیراعظم کا خیبر پختونخوا میں دہشت گردوں کے خلاف کامیاب کارروائی پر سیکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین

صدر آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں میں بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنہ "الخوارج” کے خلاف کی گئی کامیاب کارروائیوں پر پاکستان کی سیکیورٹی فورسز کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔

صدر مملکت آصف علی زرداری نے اپنے بیان میں مسلح افواج اور سیکیورٹی اداروں کو شمالی و جنوبی وزیرستان اور بنوں میں دہشت گردوں کے خلاف کامیاب آپریشنز پر قوم کی جانب سے شاندار خراجِ عقیدت پیش کیا۔

انہوں نے کہا کہ یہ کامیابیاں قومی فخر کا باعث ہیں اور سیکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ مہارت، جرات اور عزم کی عکاسی کرتی ہیں۔

صدر نے اس بات پر زور دیا کہ سیکیورٹی اداروں کی بروقت اور مؤثر کارروائیوں سے ملک میں امن و استحکام کی مجموعی صورتحال میں نمایاں بہتری آئی ہے۔

انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے "عزمِ استحکام” مہم کے تحت آپریشنز کو مکمل قوت سے جاری رکھے گا۔

صدر زرداری نے کہا کہ بھارت کے سرپرست فتنہ الخوارج اور فتنہ الہند کو جڑ سے اکھاڑ پھینکا جائے گا اور دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک چین سے نہیں بیٹھا جائے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ پوری قوم اپنی مسلح افواج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے شانہ بشانہ کھڑی ہے، اور وطن کے دفاع اور امن کے قیام کی اس جدوجہد میں ان کا بھرپور ساتھ دے گی۔

وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے بیان میں کہا کہ سیکیورٹی فورسز نے اپنی پیشہ ورانہ صلاحیتوں سے دہشت گردوں کے ناپاک عزائم کو ناکام بنایا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستانی عوام کے تحفظ اور ملک کے استحکام کے لیے دہشت گردی کے خلاف ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے۔

وزیراعظم نے واضح کیا کہ دہشت گردی کے خلاف مہم پوری قوت کے ساتھ جاری رہے گی اور ملک سے اس ناسور کے مکمل خاتمے تک یہ جدوجہد جاری رہے گی۔

اشتہار
Back to top button