
خیبر پختونخوا میں سیکیورٹی فورسز کی بڑی کارروائی، بھارتی ایجنڈے پر کام کرنے والے 34 خوارج ہلاک
خیبر پختونخوا کے مختلف اضلاع میں سیکیورٹی فورسز کی جانب سے حالیہ دنوں میں کی جانے والی متعدد کارروائیوں میں بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنہ "الخوارج” کے 34 دہشت گرد ہلاک کر دیے گئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق، شمالی وزیرستان کے علاقے سپین وام میں خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر سیکیورٹی فورسز نے ایک انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا، جس کے دوران خوارج کے ٹھکانے کو مؤثر طریقے سے نشانہ بنایا گیا۔
شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد 18 دہشت گرد ہلاک کر دیے گئے۔
دوسری کارروائی جنوبی وزیرستان میں کی گئی، جہاں ایک اور انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران 8 خوارج مارے گئے۔
تیسری جھڑپ ضلع بنوں میں ہوئی، جہاں سیکیورٹی فورسز نے 8 مزید خوارج کو کامیابی سے ہلاک کر دیا۔
فورسز کی جانب سے علاقوں میں کلئرنس اور سینیٹائزیشن آپریشنز کا سلسلہ جاری ہے تاکہ بھارت کے زیر اثر سرگرم کسی بھی باقی ماندہ خوارج کا خاتمہ یقینی بنایا جا سکے۔