بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

پاکستان دہشت گردی کے خلاف جنگ میں فرنٹ لائن ریاست ہے: وزیر داخلہ محسن نقوی

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ پاکستان عالمی سطح پر دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اب بھی ایک فرنٹ لائن ریاست کا کردار ادا کر رہا ہے۔یہ بات انہوں نے آج اسلام آباد میں قائم مقام امریکی سفیر نیتھلی بیکر سے ملاقات کے دوران کہی۔وزیر داخلہ نے کہا کہ پاکستان نے دنیا کو دہشت گردی سے محفوظ بنانے کے لیے بہت بھاری قیمت چکائی ہے۔

انہوں نے زور دیا کہ پاکستان کے سیکیورٹی اداروں، پولیس اور عوام نے اس جنگ میں بے شمار قربانیاں دی ہیں۔محسن نقوی نے غزہ امن معاہدے کے لیے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی مخلصانہ کوششوں کو سراہا اور کہا کہ مشرق وسطیٰ میں پائیدار امن کا کریڈٹ صدر ٹرمپ کو جاتا ہے۔وزیر داخلہ نے پاکستان کے معدنیات اور دیگر شعبوں میں امریکی سرمایہ کاری کا خیرمقدم بھی کیا۔

ملاقات میں قائم مقام امریکی سفیر نیتھلی بیکر نے پاکستان کی قربانیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ امریکہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کے کردار کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور دونوں ممالک کے درمیان تعاون جاری رہے گا۔انہوں نے حالیہ دہشت گرد حملوں میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار بھی کیا۔

ملاقات میں پاکستان اور امریکہ کے درمیان تعلقات اور کثیر جہتی تعاون کو فروغ دینے کے امکانات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔اس موقع پر وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری بھی موجود تھے۔

اشتہار
Back to top button