
معاشی ترقی کے لیے مصنوعی ذہانت اور آئی ٹی کو فروغ دینا حکومت کی اولین ترجیح ہے: وزیراعظم شہباز شریف
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ حکومت ملک کی ترقی اور معیشت کے استحکام کے لیے انفارمیشن ٹیکنالوجی اور مصنوعی ذہانت (Artificial Intelligence) کے فروغ پر ترجیحی بنیادوں پر کام کر رہی ہے۔
وہ آج لاہور میں مصنوعی ذہانت کے فروغ سے متعلق اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔ وزیراعظم نے کہا کہ حکومت ڈیجیٹل معیشت کے مؤثر نفاذ کے لیے مصنوعی ذہانت سے بھرپور استفادہ چاہتی ہے، اور اس مقصد کے لیے قومی پالیسی پر بھرپور عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے گا۔
وزیراعظم نے اجلاس کے دوران مصنوعی ذہانت کے استعمال میں ڈیٹا پروٹیکشن، ڈیٹا خودمختاری (Data Sovereignty)، اور ذمہ دارانہ استعمال پر خصوصی توجہ دینے کی ہدایت دی۔
انہوں نے مصنوعی ذہانت کے فروغ اور مؤثر نفاذ کے لیے ایک اسٹیئرنگ کمیٹی قائم کرنے کا حکم بھی دیا، جو اس سلسلے میں رہنمائی اور عملی اقدامات کو یقینی بنائے گی۔
اجلاس میں وزیراعظم کو حکومتی سطح پر مصنوعی ذہانت کے حوالے سے جاری اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ بتایا گیا کہ اس مقصد کے لیے ماہرین پر مشتمل ایک "اے آئی ایڈوائزری پینل” بھی تشکیل دیا جا رہا ہے، جو پالیسی سازی اور عملدرآمد کے لیے اپنی تجاویز پیش کرے گا۔
وزیراعظم نے کہا کہ مصنوعی ذہانت کے شعبے میں سرمایہ کاری اور مہارتوں کے فروغ سے نہ صرف نوجوانوں کو روزگار کے مواقع میسر آئیں گے بلکہ پاکستان عالمی سطح پر تکنیکی ترقی کی دوڑ میں بھی اپنی جگہ بنا سکے گا۔