
قومی
پیپلز پارٹی کے ساتھ اتحاد برقرار رہے گا: وفاقی وزیر قانون
وفاقی وزیر قانون و انصاف اعظم نذیر تارڑ نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے ساتھ حکومتی اتحاد برقرار رہے گا۔
انہوں نے یہ بات آج قومی اسمبلی کے اجلاس کے دوران اس وقت کہی جب پیپلز پارٹی نے سیلاب متاثرین کی بحالی و ریلیف کے حوالے سے تجاویز کو سنجیدگی سے نہ لینے پر ایوان سے واک آؤٹ کیا۔
اعظم نذیر تارڑ کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی نے جمہوری نظام کو مستحکم کرنے کے لیے باہمی تعاون کا فیصلہ کیا تھا، اور یہ اتحاد نظریاتی ہم آہنگی اور جمہوری سوچ کی بنیاد پر قائم ہے۔
انہوں نے یقین دلایا کہ حکومت پیپلز پارٹی کے ساتھ تمام معاملات کو افہام و تفہیم سے حل کرے گی۔
بعد ازاں، اسپیکر نے اجلاس جمعہ کی صبح 11 بجے تک ملتوی کر دیا۔