
پاکستان اور فن لینڈ کان کنی کے شعبے میں باہمی تعاون بڑھانے پر متفق
پاکستان اور فن لینڈ نے کان کنی کے شعبے میں باہمی تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا ہے۔
یہ اتفاق رائے اسلام آباد میں وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک اورپاکستان میں فن لینڈ کی سفیرHannu Ripatti کی زیر قیادت وفد کے درمیان ملاقات میں ہوا۔
وفد میں میٹسو معدنیات کی صدرPiia Karhu اور فن لینڈ میں پاکستان کے اعزازی قونصل جنرل Willie Eerola بھی شامل تھے۔
باہمی تعاون میں اضافے سے پاکستان اپنی وسیع معدنی صلاحیت کو موثر طریقے سے بروئے کارلانے کیلئے فن لینڈ کی تکنیکی مہارت سے فائدہ اٹھائے گا۔
وفد سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر پٹرولیم نے کہا کہ حکومت نے معدنیات کے شعبے کے ریگولیٹری نظام کو موجودہ دورکے تقاضوں سے ہم آہنگ کیاہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کان کنی کے روایتی طریقوں سے جدید ترین، مشینی اور خودکار نظام کی طرف منتقل ہو رہا ہے۔
علی پرویز ملک نے ریکوڈک منصوبے کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے اسے پاکستان کے معدنیات کے شعبے کے لئے انتہائی اہم قراردیا۔
انہوں نے فن لینڈ کے وفد کو سرمایہ کاروں کے لئے ایک مستحکم اور سازگار ماحول فراہم کرنے کے بارے میں حکومتی تعاون کی یقین دہانی کرائی۔