
پاکستان، مسلم ممالک کی امریکی صدرکی غزہ کیلئے کوششوں کی تعریف
پاکستان، اردن، متحدہ عرب امارات، انڈونیشیا، ترکیہ، سعودی عرب، قطر اور مصر کے وزرائے خارجہ نے امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی قیادت اور غزہ میں جنگ کے خاتمے کے لیے ان کی مخلصانہ کوششوں کو سراہا ہے۔
ایک مشترکہ بیان میں انہوں نے امن کی راہ تلاش کرنے کیلئے صدر ٹرمپ کی صلاحیتوں پر اعتماد کا اظہارکرتے ہوئے خطے میں قیام امن کے لیے امریکہ کے ساتھ شراکت داری کی ضرورت پر زور دیا۔
وزرائے خارجہ نے جنگ کے خاتمے، غزہ کی تعمیر نو، فلسطینی عوام کی نقل مکانی کو روکنے اور امن کے جامع عمل کو آگے بڑھانے کی تجویز سمیت مغربی کنارے کے الحاق کی اجازت نہ دینے کے صدر ٹرمپ کے اعلان کا خیر مقدم کیا۔
ان ممالک کے وزرائے خارجہ نے معاہدے کو حتمی شکل دینے اور اس پر عملدرآمد یقینی بنانے کے لیے امریکہ اور معاہدے کے فریقین کے ساتھ مثبت اور تعمیری انداز میں کام کرنے کیلئے آمادگی کا اعادہ کیا جو خطے کے لوگوں کے لیے امن، سلامتی اور استحکام کا ضامن ہے۔
انہوں نے جامع معاہدے کے ذریعے غزہ میں جنگ کے خاتمے کے لیے امریکہ کے ساتھ مل کر کام کرنے کے اپنے مشترکہ عزم کا بھی اعادہ کیا۔
اس جامع معاہدے سے غزہ کو خاطر خواہ انسانی امداد کی بلا روک ٹوک ترسیل یقینی بنانے، فلسطینیوں کی نقل مکانی روکنے، یرغمالیوں کی رہائی،تمام فریقوں کی سلامتی کی ضمانت پر مبنی سکیورٹی لائحہ عمل، اسرائیلی فوج کے مکمل انخلا، غزہ کی تعمیر نو اور دو ریاستی حل کی بنیاد پر امن وانصاف کی راہ ہموار کرنے میں مدد ملے گی۔
معاہدے کے تحت علاقائی استحکام اور سلامتی کیلئے فلسطینی ریاست میں غزہ اور مغربی کنارے کو عالمی قانون کے مطابق مکمل طور پرضم کردیا جائے گا۔