بسم اللہ الرحمن الرحیم

کھیل

ایشیا کپ فائنل، بھارت نے پاکستان کو 5 وکٹوں سے شکست دیدی

 ایشیا کپ ٹی ٹوئنٹی کے فائنل میں بھارت  نے پاکستان کو 5 وکٹوں سے  شکست  دے کر نویں مرتبہ ایشیا کپ جیت لیا۔ایشیا کپ کی 41 سالہ تاریخ میں پہلی بار پاک بھارت فائنل ہوا جو کہ دبئی میں کھیلا گیا۔فائنل میچ میں بھارت نے پاکستان کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا، پاکستان کی پوری  ٹیم 19 اعشاریہ ایک اوور  میں 146 رنز پر آؤٹ ہوگئی جواب میں بھارت نے ہدف آخری اوور میں 5 وکٹوں کے نقصان پر پورا کرلیا۔اس سے قبل پاکستان کی پوری ٹیم 19 اعشاریہ ایک اوور میں 146 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔

پاکستان کے پہلے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی صاحبزادہ فرحان تھے جنہوں نے 38 گیندوں پر 57 رنز کی اننگز کھیلی اور 84 کے مجموعی اسکور پر  ورون کی گیند پر کیچ  آؤٹ ہوئے۔ان کے بعد آنے والے صائم ایوب 113 کے مجموعی اسکور پر 14 رنز بنا کر کلدیپ کا شکار بنے۔دوسری وکٹ گرنے کے بعد پاکستانی بیٹرز کی لائن لگ گئی اور باقی 8 کھلاڑی صرف 33 رنز پر آؤٹ ہوگئے۔

 صائم ایوب کے بعد محمد حارث بھی بغیر کوئی رنز بنائے پویلین لوٹ گئے۔ 126 کے اسکور پر فخر زمان بھی ورون کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوگئے، انہوں نے 35 گیندوں پر 46 رنز بنائے۔ 131 کے اسکور پر حسین طلعت بھی آؤٹ ہوگئے، وہ صرف ایک رنز بناسکے۔ان کے بعد سلمان آغا بھی 8 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے، ان کے بعد شاہین آفریدی اور فہیم اشرف بغیر کوئی رنز  بنائے آؤٹ ہوئے۔حارث رؤف اور محمد نواز نے 6،6 رنز بنائے۔

بھارت کی جانب سے کلدیپ یادیو نے 4 وکٹیں حاصل کیں۔ ان کے علاوہ بمراہ، ورون اور اکثر پٹیل نے 2،2 وکٹیں لیں۔ہدف کے تعاقب میں بھارت کی بیٹنگ لائن کو مشکلات کا سامنا رہا۔ بھارت کی پہلی وکٹ دوسرے اوور میں گری جب ابھیشک شرما فہیم کی گیند پر 5 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ بھارت کی دوسری وکٹ 10 کے اسکور پر گری جب بھارتی کپتان سوریا کمار یادیو ایک رنز بنا کر شاہین کا شکار بنے۔

20 کے مجموعی اسکور پر شبمن گل بھی 12 رنز بنا کر فہیم اشرف کا شکار بن گئے۔77 کے مجموعی اسکور  پر سنجو سیمسن 24 رنز بنا کر ابرار کا شکار بنے۔اس کے بعد بھارت کی پانچویں وکٹ 137 رنز پر گری جب شیوام دوبے 33 رنز بنا کر فہیم کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔

اس موقع پر تلک ورما نے ذمہ دارانہ اننگ کھیلی اور 69 رنز بنا کر ناقابل شکست  رہے۔پاکستان کی جانب سے فہیم اشرف نے 3، شاہین  اور ابرار نے ایک ایک وکٹ لی۔

اشتہار
Back to top button