
وزیراعظم اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس سے خطاب کرینگے
وزیراعظم شہباز شریف آج سے اقوامِ متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 80 ویں اجلاس کے اعلیٰ سطح کے سیشن میں پاکستان کے وفد کی قیادت کریں گے، جہاں وہ عالمی برادری کی توجہ غزہ کے ’ سنگین بحران’ کی جانب مبذول کراتے ہوئے فلسطینی عوام کی تکالیف ختم کرنے کے لیے ’ فیصلہ کن اقدامات’ کی اپیل کریں گے۔
ہر سال ستمبر میں دنیا کے رہنما نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے لیے جمع ہوتے ہیں اور کئی دنوں تک تقریریں کرتے ہیں۔
حکومت پاکستان کے ایکس اکاؤنٹ پر کی گئی پوسٹ کے مطابق اس سال جنرل اسمبلی سے خطاب میں وزیرِاعظم شہباز شریف عالمی برادری سے بھارت کے زیرِ قبضہ جموں و کشمیر اور فلسطین میں طویل قبضے اور حقِ خودارادیت سے انکار کے مسائل کو حل کرنے کی اپیل کریں گے۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ وزیراعظم علاقائی سلامتی کی صورتِ حال کے ساتھ ساتھ دیگر عالمی مسائل مثلاً ماحولیاتی تبدیلی، دہشت گردی، اسلاموفوبیا اور پائیدار ترقی پر بھی پاکستان کا نقطہ نظر پیش کریں گے۔
بیان کے مطابق وزیرِاعظم کی ’ اس سب سے بڑی سالانہ عالمی رہنماؤں کی کانفرنس میں شرکت پاکستان کے کثیرالجہتی نظام اور اقوامِ متحدہ سے پختہ عزم اور امن و ترقی کے مشترکہ مقاصد کے لیے پاکستان کی دیرینہ خدمات کو اجاگر کرے گی۔’