
حنیف عباسی نے راولپنڈی میں ریل کار کی نئی بوگیوں کا افتتاح کر دیا
وفاقی وزیر برائے ریلوے محمد حنیف عباسی نے آج راولپنڈی میں ریل کار کی نئی بوگیوں (رِیک) کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر ریلوے نے کہا کہ ریل کار میں 9 نئی کوچز شامل کی گئی ہیں، جو مسافروں کو مزید آرام دہ اور معیاری سفری سہولت فراہم کریں گی۔
انہوں نے اعلان کیا کہ رواں سال کے اختتام تک پاکستان ریلوے کے بیڑے میں 400 نئی کوچز شامل کی جائیں گی، جو ادارے کی جدید خطوط پر استواری کی جانب ایک اہم پیش رفت ہے۔
وزیر ریلوے نے کہا کہ ریلوے نظام میں شفافیت کو یقینی بنایا جا رہا ہے اور ادارے کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے لیے سنجیدہ اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ اسلام آباد مارگلہ ریلوے اسٹیشن کو وسعت دی جا رہی ہے اور اسے نائنتھ ایونیو پر میٹرو بس اسٹیشن سے منسلک کیا جائے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ بڑے ریلوے اسٹیشنز پر جدید اسکینرز نصب کیے جا رہے ہیں جبکہ وی آئی پی لاؤنجز بھی قائم کیے جائیں گے تاکہ مسافروں کو عالمی معیار کی سہولیات میسر آ سکیں۔
حنیف عباسی نے کہا کہ حکومت کی اولین ترجیح عوام کو بہترین سفری سہولیات فراہم کرنا ہے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ سندھ حکومت کے اشتراک سے روہڑی ریلوے اسٹیشن کی ازسرنو تعمیر و ترقی پر 80 کروڑ روپے خرچ کیے جا رہے ہیں۔
انہوں نے مزید بتایا کہ نارووال اور فیصل آباد ریلوے اسٹیشنز کی اپگریڈیشن کا کام جاری ہے، جو جلد مکمل کر لیا جائے گا۔
پاک-سعودی دفاعی معاہدے کے حوالے سے بات کرتے ہوئے وزیر ریلوے نے کہا کہ یہ معاہدہ نہ صرف قومی سطح پر اہمیت کا حامل ہے بلکہ اس کے اثرات پاکستان ریلوے پر بھی مثبت انداز میں مرتب ہوں گے۔